مودی نے کووڈ وباء میں امریکی مدد کے لیے ہیرس کا شکریہ ادا کیا

واشنگٹن ، ستمبر ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی دوطرفہ ملاقاتوں کی کڑی میں دوسری میٹنگ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے ساتھ ہوئی جس میں وزیر اعظم نے کووڈ وبا میں امریکہ کے تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا ۔ مسٹر مودی وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں محترمہ ہیرس نے ان کا استقبال کیا۔ پہلے دونوں رہنماؤں نے اکیلے میں گفتگو کی اور پھر وفد کی سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔ ہندوستانی وفد میں وزیر خارجہ ایس جئے شنکر ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبال ، خارجہ سیکرٹری ہرش وردھن شرنگلا ، امریکہ میں ہندوستان کے سفیر ترنجیت سنگھ سندھو اور وزارت خارجہ میں جوائنٹ سیکرٹری ( امریکہ) وانی راؤ شامل تھے۔میٹنگ سے قبل دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر میڈیا میں اپنے بیانات دیے۔ مسٹر مودی نے کووڈ وبا کے دوران محترمہ ہیرس کی مدد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ نائب صدر بننے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان کئی باربات چیت ہوئی ۔ ایک بار بات چیت ہوئی تھی جب ہندوستان کووڈ وبا سے دوچار تھا ۔ اسے اس وقت محترمہ ہیرس کے یکجہتی کے الفاظ یاد ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ امریکی حکومت ، کمپنیاں اور بیرون ملک مقیم ہندوستانی برادری کووڈ وبا سے مشکل لڑائی میں بہت مددگار رہی ہے ۔ امریکی صدر اور محترمہ ہیرس نے خود ایک ایسے وقت میں عہدہ سنبھالا جب پوری دنیا مشکل چیلنجز کا سامنا کر رہی تھی اور بہت ہی کم عرصے میں انہوں نے بہت سی کامیابیاں حاصل کیں چاہے وہ کووڈسے مقابلہ ہو یا موسمیاتی تبدیلی یا کواڈ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ دنیا کی سب سے بڑی اور پرانی جمہوریتیں ہیں۔ ہمارا تعاون آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ امریکہ کے نائب صدر کے طور پر آپ کا انتخاب ایک بہت اہم اور تاریخی واقعہ رہا ہے ۔ آپ دنیا بھر کے بہت سے لوگوں کے لیے تحریک کا سر چشمہ ہیں اور مجھے یقین ہے کہ صدر جو بائیڈن اور آپ کی قیادت میں ہمارے دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچیں گے۔ مسٹر مودی نے انہیں مدعو کرتے ہوئے کہا ’’ہندوستان کے لوگ آپ کے استقبال کے منتظر ہیں ۔ میں آپ کو ہندوستان آنے کی دعوت دیتا ہوں‘‘۔

 

Related Articles