میری فاونڈیشن کا ہر ایک روپیہ ایک زندگی بچانے کا انتظار کررہا ہے: سونو سود

نئی دہلی،ستمبر۔ کورونا کے دور میں لوگوں کے لئے مسیحا بنے اداکار سونو سود نے انکم ٹیکس محکمہ کی گزشتہ ہفتہ ہوئی چھاپہ ماری کے بعد آج اپنی خاموشی توڑتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنی بات رکھی اور کہاکہ ان کے فاونڈیشن کا ہر ایک روپیہ ایک زندگی بچانے کا انتظا کررہا ہے۔انکم ٹیکس محکمہ کی کارروائی پر سرخیوں میں آئے اداکار نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان کی شروعات اس شعر کے ذریعہ کی‘ سخت راہوں میں بھی آسان سفر لگتا ہے، ہر ہندستانی دعاوں کا اثر لگتا ہے‘۔ محکمہ نے سونو پر 20کروڑ روپے سے زیادہ کے انکم ٹیکس چوری کا الزام لگاتے ہوئے ان سے منسلک 28ٹھکانوں پر تلاشی مہم چلائی اور کئی دستاویز ضبط کئے۔ محکمہ نے اس پر ایک بیان بھی جاری کیا تھا جس کے بعد اب اداکار نے اپنا بیان جاری کیا ہے۔اداکار نے اپنے بیان میں کہاکہ آپ کو ہمیشہ کہانی میں اپنا موقف رکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ وقت بتائے گا۔ میں نے پورے دل اور طاقت سے خود کو ہندستان کے لوگوں کی خدمت میں وقف کردیا ہے۔ میری فاونڈیشن کا ہر ایک روپیہ ایک زندگی بچانے اور ضرورت مندوں تک پہنچنے کا انتظا ر کررہا ہے۔ اس کے علاوہ، کئی مواقع پر میں نے برانڈوں کو میری فیس کسی سماجی کام کے لئے عطیہ کرنے کے لئے بھی کہا ہے، جس سے ہم آگے بڑھتے رہتے ہیں۔اداکار سونو سود نے کہاکہ گزشتہ چار دنوں سے وہ کچھ مہمانوں کی خاطرداری میں مصروف تھے اس لئے عام لوگوں سے رابطہ میں نہیں رہے۔ انہوں نے کہاکہ میں پوری نرمی کے ساتھ پھر واپس آیا ہے۔ پوری زندگی آپ کی خدمت میں۔اداکار نے ہندی میں لکھا ’کر بھلا ہو بھلا، انت بھلے کا بھلا‘۔ خاص بات یہ ہے کہ سونو نے ٹیکس کو انورٹڈ کوما میں لکھا ہے اور جے ہند بھی لکھا۔انکم ٹیکس محکمہ نے تین دنوں سے ممبئی سمیت ملک میں 28مقامات پر جاری چھاپہ ماری کے بعد سنیچر کو جاری بیان میں کہا تھا کہ ایک بالی ووڈ اداکار 20کروڑ روپے سے زیادہ کی ٹیکس چوری میں شامل ملے ہیں۔ خیال رہے کہ اداکار سونو سود کے ممبئی کے واقع کمپلکس پر انکم ٹیکس نے بدھ کو چھاپہ ماری شروع کی تھی جو جمعہ کو ختم ہوئی۔ اس کے بعد سنٹرل بورڈ آف ڈائرکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ اداکار 20کروڑ سے زیادہ کی ٹیکس چوری میں شامل پائے گئے ہیں۔ بالی ووڈ اداکار اور ان سے جڑی لکھنو کی ایک انفراسٹرکچر کمپنی کے کمپلکسوں کی تلاشی کے دوران ٹیکس چوری سے منسلک ثبوت ملے ہیں۔ محکمہ نے ممبئی، لکھنو، کانپور، جے پور، گرو گرام اور دہلی سمیت کل 28جگہوں پر مسلسل تین دنوں تک چھاپہ ماری مہم چلائی۔محکمہ کی طرف سے لگائے الزامات کے مطابق کورونا وبا سے متاثرہ لوگو ں کی مدد کے لئے چیرٹی فاونڈیشن بنایا گیاجس نے گزشتہ سال جولائی میں کووڈ کی پہلی لہر کے دوران 18.94کروڑ روپے سے زیادہ کا ڈونیشن جمع کیا تھا۔ اس سال اپریل تک اس میں 1.9کروڑ روپے راحتی کاموں پر خرچ کئے گئے ہیں اور باقی 17کروڑ روپے فاونڈیشن کے بینک اکاونٹ میں بغیر استعمال کے رکھے گئے ہیں۔محکمہ نے اداکار کے فاونڈیشن کو غیرملکی پیسہ کے لین دین میں قانون کی خلاف روزی کرتا ہوا بھی پایا۔ سی بی ڈی ٹی نے کہاکہ ایسا ہے کہ چیریٹی فاونڈیشن نے کراوڈ فنڈنگ پلیٹ فارم پر (فورن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ)ایف سی آر اے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرملکی عطیہ دہندگان سے 2.1کروڑروپے کی رقم جمع کی ہے۔

Related Articles