شہناز گِل کے بھائی نے سدھارتھ کو ’شیر‘ قرار دیدیا

ممبئی،ستمبر۔گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دْنیا سے رخصت ہوجانے والے بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا کی گرل فرینڈ شہناز گل کے بھائی نے سدھارتھ کو ’شیر‘ قرار دے دیا۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شہناز گِل کے بھائی شہباز نے سدھارتھ شکلا کی یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں اْنہوں نے براؤن رنگ کی شرٹ زیب تن کی ہوئی ہے۔تصویر میں سدھارتھ شکلا کافی پْراعتماد نظر آرہے ہیں جبکہ اْن کی یہ تصویر کسی فوٹو شوٹ کی لگ رہی ہے۔شہناز گِل کے بھائی شہباز نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ’شیر‘ لکھا اور اس کے ساتھ ہی ’شیر‘ والا ایموجی بھی بنایا۔شہباز کے اس ٹوئٹ پر سدھارتھ شکلا کے لاکھوں مداحوں کی جانب سے محبت بھرے تبصرے کیے جارہے ہیں۔مداحوں کا کہنا ہے کہ سدھارتھ شکلا اس دْنیا سے تو چلے گئے لیکن وہ ہمیشہ اْن کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔خیال رہے کہ چند روز قبل سدھارتھ شکلا کی ممبئی میں اپنے گھر میں اس وقت موت واقع ہوگئی تھی جب وہ سورہے تھے، جبکہ اہلِ خانہ نے ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی تھی۔سدھارتھ رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 میں بطور امیدوار شامل ہوئے اور انہوں نے یہ شو بھی جیتا، لیکن اس کے بعد وہ سیزن 14 میں بطور طوفانی سینئر شامل ہوئے۔ یاد رہے کہ رواں برس میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ بگ باس کے سیزن 13 میں پہلی بار ملاقات کرنے والی جوڑی شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا نے گزشتہ سال دسمبر میں شادی کرلی ہے تاہم اْنہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کو میڈیا سے چْھپا کر رکھا ہے تاکہ دونوں اداکار کیریئر پر توجہ دے سکیں۔تاہم دونوں بھارتی اداکاروں کی جانب سے ابھی تک اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔واضح رہے کہ شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 13 میں ہوئی تھی جہاں دونوں کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔سدھارتھ شکلا نے بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ شہناز گِل فائنل سے پہلے ہی بگ باس کے گھر سے نکل گئی تھیں۔شہناز گل کئی ہٹ میوزک ویڈیوز میں نظر آچکی ہیں۔ ان گانوں میں شہناز گل، سدھارتھ شکلا کے ساتھ نظر آئی ہیں۔ ان کی کیمسٹری سدھارتھ کے ساتھ بے حد پسند کی جاتی ہے۔سدھارتھ شکلا اور شہناز گل ساتھ میں دو میوزک ویڈیو میں نظر آچکے ہیں۔ ایک درشن راول کا ’بھلا دوں گا‘ اور دوسرا ٹونی ککڑ کا ’شونا شون‘ دونوں ہی گانے ہٹ رہے ہیں۔

Related Articles