شمالی بنگال کا ممتا بنرجی کا دورہ منسوخ

کلکتہ4ستمبر ,وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا شمالی بنگال کا دورہ ضمنی انتخابات کے اعلان کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ممتا بنرجی کواتوار کو سلی گڑی پہنچنا تھا۔ لیکن انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد اس دورہ کو منسوخ کردیا گیا ہے۔30 ستمبر کو بھوانی پور میں ضمنی انتخابات ہوں گے۔ ضابطہ اخلاق آج سے نافذ ہو گیا ہے۔ چونکہ بھوانی پور حلقے میں ممتا بنرجی امیدوار ہیں، وزیراعلیٰ نے شمالی بنگال کا دورہ منسوخ کردیا۔ ممتا بنرجی کو 5 ستمبر سے 9 ستمبر تک شمالی بنگال کا دورہ کرنا تھا۔ اترکنیا کے اپنے سرکاری دورے کے دوران، وہ شمالی بنگال کے پانچ اضلاع کے ساتھ انتظامی میٹنگ کرنے والی تھیں۔ وزیراعلیٰ کا”دوارے سرکار“ کے تحت ایک سرکاری کیمپ کا دورہ بھی طے تھا۔ حالانکہ اس بار ان کا دارجلنگ جانے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ ضمنی انتخاب کے دن کے اعلان کے فورا بعد ترنمول کانگریس نے بھوانی پور میں زور و شور سے انتخابی مہم شروع کر دی۔ غالبا وزیر اعلیٰ پیر کو اپنی نامزدگی جمع کروا سکتی ہیں۔
تاہم الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کی مہم پر متعدد پابندیاں عائد کی ہیں۔ تاہم ترنمول کانگریس نے ضمنی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کے لیے تمام تیاریاں کی تھیں۔

 

Related Articles