غیر سرکاری تنظیموں کے غیر ملکی چندوں کو منظم کرنے والے بل پر پارلیمنٹ کی مہر

نئی دہلی ، راجیہ سبھا نے بدھ کے روز حزب اختلاف کے ممبروں کی عدم موجودگی میں غیر ملکی امداد،چندہ (ریگولیشن) ترمیمی بل2020 پاس کردیا جس میں این جی اوز کے غیر ملکی چندوں کو منظم کرنے کا التزام کیا گیا ہے۔
لوک سبھا نے اس ہفتہ کے شروع میں بل کو منظور کیا تھا۔ اس طرح اس بل پر پارلیمنٹ کی مہر لگ گئی ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نتانند رائے نے بل پیش کیا۔ اس پر مختصر مباحثہ کے جواب میں رائے نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ہی آدھار سے منسلک ترمیم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ’’ہمارا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی تنظیم ہماری قومی سلامتی میں خلل نہ ڈالے اور اس میں کوئی خطرہ پیدا نہ ہو۔‘‘ جس مقصد کیلئے تنظیم کو پیسہ ملا ہے اسی کیلئے استعمال ہونا چاہئے ،اگر کوئی تنظیم قانون کے مطابق کام نہیں کرتی ہے ، تو پھر اس معاملے میں اس کو نوٹس دیتے ہیں ، ان کا موقف سنتے ہیں اور پھر ضروری ہو تو قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہیں ۔ بل میں یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر سرکاری تنظیم کے عہدیداروں کے لئے ایف سی آر اے لائسنس کے اندراج کے لئے آدھار نمبر فراہم کرنا لازمی ہوگا جبکہ سرکاری ملازمین کو بیرون ملک سے رقم وصول کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔

Related Articles