جے بجرنگ بلی کے نعروں کے درمیان مودی نے بنگلورو میں دوسرے دن بھی بڑا روڈ شو کیا

بنگلورو، مئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جے شری رام اور جے بجرنگ بلی کے نعروں کے درمیان کرناٹک اسمبلی انتخابات کی مہم کے آخری دن اتوار کو یہاں دو گھنٹے کا زبردست روڈ شو کیا۔ ریاست میں 10 مئی کو اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔مسٹر مودی کی آٹھ کلومیٹر طویل روڈ شو کو ان کے حامیوں کا زبردست ردعمل ملا اور لوگوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ان کا قافلہ بنگلورو شہر کے مشرقی اور وسطی حصوں میں 13 اسمبلی حلقوں سے گزرا۔مسٹر مودی نے تھیپاسندرا میں کیمپے گوڑا کے مجسمے پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کرکے روڈ شو کا آغاز کیا اور ٹرینیٹی سرکل کا دورہ کرکے روڈ شو کا اختتام کیا۔وزیر اعظم کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہر عمر کے لوگ سڑک کے دونوں طرف دو گھنٹے سے زیادہ قطار میں کھڑے رہے۔ انہیں دیکھ کر لوگوں میں جوش و خروش پیدا ہوگیا۔مسٹر مودی کے مداحوں نے اپنے چہروں پر بجرنگ بلی کے ماسک پہن رکھے تھے۔ انہوں نے ڈھول کی تھاپ پر گایا اور رقص کیا اورہنومان چلیسہ کا ورد کیا۔ کچھ مداحوں نے بھگوان ہنومان کا لباس پہنا ہوا تھا اور اپنے ہاتھوں میں گدا اٹھائے ہوئے تھے۔ ان لوگوں نے جے شری رام اور جے مودی کے نعرے لگائے۔بی جے پی رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ یہ کسی بھی ہندوستانی سیاستدان کا اب تک کا دوسرا طویل ترین روڈ شو ہے۔ اس طرح کا پہلا روڈ شو 2022 کے گجرات اسمبلی انتخابات سے پہلے احمد آباد شہر میں مسٹر مودی نے منعقد کیا تھا۔

Related Articles