اتراکھنڈ کے وزیر چندن رام داس کا انتقال، دھامی کا اظہار غم

نینی تال، اپریل۔اتراکھنڈ حکومت میں وزیرٹرانسپورٹ چندن رام داس کا بدھ کو اچانک انتقال ہوگیا۔انہوں نے باگیشور ضلع اسپتال میں آخری سانس لی۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی اور اپوزیشن لیڈر یشپال آریہ نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ مسٹر داس کچھ عرصے سے بیمار تھے۔ آج صبح ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور انہیں باگیشور کے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ جہاں انہوں نے کچھ دیر بعد آخری سانس لی۔انہیں آج ضلعی منصوبہ بندی کی میٹنگ میں شرکت کرنی تھی۔ کابینی وزیر سوربھ بہوگنا بھی ضلع پلاننگ میٹنگ میں شرکت کے لیے باگیشور پہنچے تھے۔ میٹنگ شروع ہونے سے پہلے مسٹربہوگنا کو ان کی موت کی اطلاع دی گئی۔ اس کے بعد ضلع پلاننگ میٹنگ ملتوی کر دی گئی۔مسٹرداس باگیشور (ریزرو) اسمبلی سے ایم ایل اے تھے اور دھامی حکومت میں وزیرٹرانسپورٹ تھے۔ انہوں نے منگل کو آخری بار الموڑہ میں آنجہانی ہیم وتی نادن بہوگنا کی 104 ویں یوم پیدائش کے موقع پر وزیر اعلیٰ اور دیگر وزراء کے ساتھ شرکت کی۔ یہاں سے وہ اپنے آبائی شہر باگیشور واپس آئے۔ ان کی موت سے پورے اتراکھنڈ میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے مسٹر داس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ انہیں کابینہ کے اپنے سینئرساتھی کی ناگہانی موت کی خبر پر صدمہ پہنچا ہے۔ ان کا انتقال عوامی خدمت اور سیاست کے میدان میں ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ خدا انہیں اپنے مقدس قدموں میں جگہ دے، پسماندگان اور حامیوں کویہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔کانگریس لیڈر اور قائد حزب اختلاف یشپال آریہ نے بھی مسٹر داس کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے اور ان کی موت کو ریاست کی سیاست کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ مسٹر داس کی میت کو ان کی رہائش گاہ لایا گیا ہے۔ ان کے حامیوں اور بی جے پی کارکنوں کی بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پر جمع ہے۔ کابینی وزیر سوربھ بہوگنا ان کی رہائش گاہ پرہی موجود ہیں۔اس واقعہ سے صدمے سے دوچار وزیر اعلیٰ اور دیگر کابینہ کے وزراء بھی ان کے آخری دیدار کے لئے باگیشور پہنچ رہے ہیں۔

Related Articles