ممبئی مسلسل آٹھویں سال آئی پی ایل میں ہارا پہلا میچ
ابوظبی ، آئی پی ایل کی کامیاب ترین ٹیم ممبئی انڈینز کو ہفتہ کے روز ابوظبی میں ہونے والے آئی پی ایل -13 کے افتتاحی میچ میں چنئی سپر کنگز کے ہاتھوں پانچ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے ساتھ ہی ممبئی نے مسلسل آٹھویں سال آئی پی ایل میں اپنا پہلا میچ ہارا۔ تاہم ان آٹھ سالوں میں ممبئی نے چار بار خطاب اپنے نام کیا۔
ممبئی کو اپنے پہلے میچ میں دوسری بار چنئی سے شکست ہوئی ہے۔ ممبئی کا پہلے میچ میں شکست کا یہ سلسلہ 2013 سے جاری ہے۔ اس سال رائل چیلنجرز بنگلور نے پہلے میچ میں ممبئی کو دو رنز سے شکست دی تھی ۔ اس کے بعد 2014 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ممبئی کو 41 رنز سے شکست دی۔
پہلے میچ میں ممبئی کی شکست 2015 میں بھی جاری رہی اور کولکتہ سے سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد 2016 میں آئی پی ایل 9 کی نئی ٹیم رائزنگ پنے سپرجائنٹس نے ممبئی کو نو وکٹوں سے شکست دے کر اپنا مضبوط آغاز کیا تھا۔ ممبئی کے لئے شکستوں کا سلسلہ آئی پی ایل کے 10 ویں ایڈیشن میں بھی جاری رہا اور 2017 میں پنے کے ہاتھوں انہیں دوبارہ ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی پی ایل میں دو سال کے لئے معطل رہنے کے بعد 2018 میں واپسی کرنے والی چنئی نے مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں اپنے ابتدائی میچ میں ممبئی کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی ۔ اس کے بعد دہلی کیپٹلز نے 2019 میں ممبئی کو 37 رنز سے شکست دی۔ آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن میں بھی ممبئی پہلے میچ میں ہارنے سے باز نہیں آئی اور دھونی کی کپتانی میں چنئی نے ممبئی کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔
آئی پی ایل میں چنئی نے اس سے قبل 2018 میں ممبئی کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان چھ میچوں میں چنئی کی یہ پہلی جیت ہے۔ان آٹھ سالوں میں ممبئی کی قیادت روہت شرما کر رہے ہیں اور اس دوران ممبئی نے چار بار یہ اعزاز جیتا ہے۔ ممبئی نے اپنا پہلا ٹائٹل سال 2013 میں آئی پی ایل کے چھٹے ایڈیشن میں جیتا تھا اور اس کے بعد ٹیم 2015 ، 2017 ، 2019 میں بھی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔