اداکارہ شیبا نے 2 دہائیوں تک بالی ووڈ سے دوری کیوں اختیار کی؟

ممبئی،اپریل۔بالی ووڈ انڈسٹری کی ماضی کی اداکارہ شیبا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2 دہائیوں تک فلمی پردے سے دوری کیوں اختیار کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ماضی کی اداکارہ شیبا تقریباً 20 برس بعد اپنی دو فلموں ’فتح‘ اور ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کے ساتھ ایک بار پھر فلم اسکرین پر نظر آئیں گی۔1992 کی فلم سوریاونشی میں سلمان خان کے ساتھ مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ شیبا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں فلم انڈسٹری سے دوری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 90 کی دہائی میں صرف ہیرو اور ہیروئنز کو ہی اہمیت دی جاتی تھی۔اداکارہ شیبا نے بتایا کہ ان کے کیریئر میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب فلم ساز 18 سال کی ہیروئن یا پھر 80 سالہ ماں کے کرادر آفر کرتے تھے اور وہ کسی کے لئے بھی فٹ نہیں تھی۔اس کے لئے انہیں فلم سازوں سے یہ بھی شکایت تھی کہ وہ انہیں کوئی ایسا کردار آفر نہیں کرتے تھے جو بہت پْرکشش ہو، اس لئے اس وقت انہوں نے فلم انڈسٹری سے دوری اختیار کرنا ہی ٹھیک سمجھا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ تاہم اب ایسا نہیں ہے، اب ہیرو ہیروئن کے علاوہ دیگر کرداروں کو بھی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا، انہیں بھی وہی اہمیت دی جاتی ہے جو مرکزی کرداروں کو دی جاتی ہے۔اداکارہ شیبا نے کہا کہ اب اگر ہیرو مجھے اپنی ہیروئن کے طور پر نہیں دیکھتا تو میرے لئے کوئی دوسرا اہم کردار موجود ہوگا، اب لوگوں کو سمجھ آگئی ہے کہ فلم کی کامیابی کا انحصار اب صرف ہیرو یا ہیروئن کے کندوں پر نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب ماضی کے مقابلے زیادہ بہتر انداز میں کام ہوتا ہے سیٹ پر ہر کسی کو اس کے کردار سے متعلق مکمل آگاہی ہوتی ہے، اب لوگ تکینک کو بہتر انداز میں سمجھتے ہیں۔ اب کرداروں کو پیش کرنے کا انداز بدل گیا ہے، اب کردار زیادہ قدرتی اور حقیقت سے قریب تر ہوتے ہیں۔انہوں نے ایک اور سوال، (کیریئر کے عروج پر شادی کرنے سے ان کا کیریئر ختم ہوگیا)، کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی چیز نہیں ہے لیکن ایک ناکوش گوار زندگی گزار نے سے بہتر ہے جو قسمت میں لکھا ہے اسے قبول کرلیا جائے۔یاد رہے کہ اداکارہ شیبا کو آخری بار 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دم‘ میں دیکھا گیا تھا۔

Related Articles