چار سال بعد ’گھر لوٹنا‘ شاندار رہا: کوہلی

بنگلورو، اپریل۔ رائل چیلنجرز بنگلور کے اوپنر وراٹ کوہلی نے کہا کہ ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس کے خلاف آٹھ وکٹ سے زبردست جیت درج کرنے کے بعد چار سال بعد ’گھر لوٹنا‘ ایک شاندار احساس ہے۔اتوار کو ممبئی نے تلک ورما (84 ناٹ آؤٹ) کی شاندار نصف سنچری کی مدد سے آر سی بی کے سامنے 172 رنز کا مشکل ہدف رکھا، جسے میزبان ٹیم نے 16.2 اوور میں حاصل کر لیا۔ کوہلی نے اس یک طرفہ فتح میں 49 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 82 رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھی اور کپتان فاف ڈو پلیسس نے 43 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی۔کوہلی نے میچ کے بعد کہا ’’حیرت انگیز جیت۔ اتنے برسوں بعد وطن واپسی کرنا اچھا ہے۔ یہ اسکور بنانے کا کریڈٹ ان کے بلے بازوں کو جاتا ہے۔ تلک نے اچھی بیٹنگ کی۔ فاف نے پہلے حملے شروع کیے اور بعد میں میں نے بھی ساتھ دیا۔‘‘انہوں نے کہا کہ’’ آج جس طرح سے میچ ہوا میں اس سے بہت خوش ہوں۔ نئی گیند کا سامنا کرنا تھوڑا مشکل تھا لیکن ہم نے نئی گیند کا اچھی طرح سے سامنا کیا۔میدان کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، ماحول حیرت انگیز تھا۔ ہمیں معلوم تھا کہ بہت زیادہ حمایت ملنے والی ہے۔ یہ حمایت ہمیں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔‘‘کوہلی اور ڈو پلیسس نے پہلے وکٹ کے لیے 148 رنز کی شراکت قائم کی، جس سے ممبئی کی جیت کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ ڈو پلیسس ہدف تک پہنچنے کے بعد آؤٹ ہو گئے لیکن کوہلی نے 17ویں اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر آر سی بی کو جیت دلائی۔کوہلی نے کہا ’’آئی پی ایل کے پہلے میچ میں اس طرح کا مظاہرہ کرنا ہمارے لیے بہت اچھا تھا۔ ہم نے پانچ بار کی چیمپئن ممبئی اور چار بار کی چیمپئن چنئی کے بعد سب سے زیادہ بار پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ ہمیں صرف ایک ٹیم کا توازن بنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس رفتار سے کھیلنے کی ضرورت ہے اور ہمیں اس سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

Related Articles