سعودی خواتین فٹبال ٹیم فیفا کی درجہ بندی میں داخل ہوگئی

ریاض/فیفا،مارچ۔جمعہ کے روز سعودی خواتین کی قومی ٹیم نے باضابطہ طور پر فیفا کی درجہ بندی میں شمولیت اختیار کی۔ اپنے قیام کے دو سال سے بھی کم عرصے میں صرف 18 ماہ کے بعد سعودی خواتین کی ٹیم شاندار نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ویمنز فٹ بال ایڈمنسٹریشن کے آفیشل اکاؤنٹ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ مسلسل کامیابیاں اور لگاتار جذبہ۔۔ 18 ماہ کی مسلسل محنت کے بعد۔ ہمیں فخر ہے کہ ہماری خواتین کی قومی ٹیم فیفا کی درجہ بندی میں شامل ہوگئی ہے۔2021 میں اپنے قیام کے بعد سے خواتین کی قومی ٹیم نے 9 میچز کھیلے ہیں۔ اس سال کے آغاز میں سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے پہلے خواتین کے دوستانہ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس فتح نے بین الاقوامی درجہ بندی میں اس کے لیے ایک نشست محفوظ کرنے میں مدد کی۔ اس کے بعد وہ فیفا اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن سے منظور شدہ ٹورنامنٹس میں شرکت کر سکے گی۔سعودی فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر اور فیفا کونسل کے رکن یاسر المسحل نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے صرف ڈیڑھ سال میں جو کچھ حاصل کیا وہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔ یہ کامیابی کھیلوں کے شعبے میں بالعموم اور فٹ بال میں بالخصوص سعودی رہنماؤں کی دلچسپی اور سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے۔سعودی فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رکن اور ویمنز فٹ بال مینجمنٹ کی جنرل سپروائزر لمیاء بنت ابراہیم بن بہیان نے کہا کہ خواتین کی قومی ٹیم نے فیفا کی درجہ بندی میں مختصر عرصے میں اور ممتاز درجہ پر داخل ہو کر تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے قومی ٹیم کے تکنیکی اور انتظامی عملے کے شاندار کام کی بھی تعریف کی اور مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے آنے والے دور میں کوششوں کو دوگنا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

Related Articles