جوکووچ کو امریکہ سے داخلہ کی اجزات نہیں ملی،میامی اوپن نہیں کھیل سکیں گے

واشنگٹن، مارچ ۔ عالمی نمبر ایک مرد ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ امریکہ کے فلوریڈا میں منعقد ہونے والے اے ٹی پی ٹورنامنٹ میامی اوپن میں نہیں کھیلیں گے۔ اس بات کی تصدیق منتظمین نے ہفتے کے روز کی۔ دراصل جوکووچ نے کووڈ سے بچاؤ کا ٹیکہ نہیں لگوایا ہے ، جس کی وجہ سے انہیں امریکہ میں داخلہ نہیں مل رہا ہے۔ اس سے قبل جوکووچ نے کیلیفورنیا میں 6 مارچ سے 19 مارچ تک ہونے والے انڈین ویلز سے بھی اپنا نام واپس لے لیا تھا۔امریکی پالیسیوں کے مطابق کورونا ویکسین کے بغیر کسی شخص کو امریکہ میں داخلہ نہیں دیا جاتا۔ جوکووچ نے امریکی حکام سے انہیں خصوصی داخلہ کی درخواست کی تھی، لیکن ان کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ میامی اوپن کا انعقاد 21 مارچ سے 2 اپریل تک ہونا ہے۔میامی اوپن ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر جیمز بلیک نے کہا: میامی اوپن دنیا کے اہم ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کے بہترین کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں کھیلیں۔ ہم نے وہ سب کیا ہے جو ہم کر سکتے تھے۔ ہم نے حکومت سے بھی بات کرنے کی کوشش کی لیکن جوکووچ کو اجازت نہیں مل سکی۔سربین اسٹار نے گزشتہ سال آسٹریلیا اوپن اور یو ایس اوپن بھی نہیں کھیلا تھا۔ گزشتہ سال کے آغاز میں انہیں کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا اوپن کے درمیان ہی واپس بھیج دیا گیا تھا۔ ویکسین نہ لینے کی وجہ سے وہ یو ایس اوپن بھی نہیں کھیل سکے۔

Related Articles