وزیراعلیٰ نے شونگ ٹونگ پروجیکٹ کو 2025 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی

شملہ، مارچ ۔ہماچل پردیش کے وزیر اعلی ٹھاکر سکھوندر سنگھ سکھو نے 450 میگاواٹ کے شونگ ٹونگ ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کو جولائی 2025 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے لیے سال 2012 میں ٹینڈر جاری کیا گیا تھا لیکن مختلف وجوہات کی وجہ سے اس کے تعمیراتی کام میں تاخیر ہوئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبوں میں تاخیر کی وجہ سے ان کی تعمیراتی لاگت بڑھ جاتی ہے جس سے ریاست کو نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جانا چاہیے۔وزیراعلیٰ نے ہماچل پردیش پاور کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی پی سی ایل) کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر تمام رکاوٹوں کو دور کریں اور تین ماہ کے بعد ایک اور جائزہ میٹنگ کا اہتمام کریں۔انہوں نے منصوبے کی تعمیر کی ذمہ دار کمپنی سے کہا کہ افرادی قوت میں اضافہ کیا جائے اور باقی ماندہ تعمیراتی کام کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔مسٹر سکھو نے کہا کہ شونگ ٹونگ ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ کی تکمیل سے سالانہ 1579 ملین یونٹ بجلی پیدا ہوگی۔ اس سے ریاست میں 1300 کروڑ روپے کی بجلی پیدا ہوگی۔ پروجیکٹ کے بروقت عمل آوری سے 250 کروڑ روپے کی بچت ہوگی، جس کی وجہ سے ریونیو پر 156 کروڑ روپے کا سود ملے گا، جس سے ریاست کو کل 1706 کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے منافع کمانے اور آمدنی پیدا کرنے والے منصوبوں کی صلاحیت بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

Related Articles