جموں وکشمیر میں بہت جلد چناو ہونگے: ترون چھگ

جموں، فروری۔بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چھگ نے منگل کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں بہت جلد چناو ہونگے۔انہوں نے مزید بتایا کہ تین خاندانوں نے جموں وکشمیر کو ٹیررزم کا دارلخلافہ بنایا لیکن مودی جی نے اسی جموں وکشمیر کا امن کا گہوارا بنایا ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی خاندانی سیاست میں یقین نہیں رکھتی اور یہ کہ جب بھی الیکشن کا اعلان ہوگا بی جے پی اس کا خیر مقدم کرئے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں بہت جلد چناو ہونگے اور اس پر عمل بھی ہوگا۔اُن کے مطابق چناو کمیشن نے ووٹر لسٹ پر اعتراضات مانگے ہیں یہ عمل پورا ہونے کے بعد الیکشن کا بھی اعلان ہوگا۔انسداد تجاوزات مہم کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ سیاستدانوں نے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ہے اور اس کا چھڑانا بہت ضروری تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس سے وابستہ اکثر لیڈران نے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ہوا ہے۔دفعہ 370کی منسوخی کے بارے میں بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ وزیر اعظم مودی اس قانون کو ختم کرکے جموں وکشمیر کو حقیقی آزادی فراہم کی ۔انہوں نے مزید کہاکہ تین خاندانوں مفتی ، عبداللہ اور گاندھی نے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت جموں وکشمیر کو ٹیررزم کا دارلخلافہ بنایا لیکن موجودہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کو امن کا گہوارا بنایا ۔ترون چھگ کے مطابق جموں وکشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گاندھی خاندان اب کشمیر میں چھٹیاں منانے کی خاطر آرہے ہیں ۔

Related Articles