ہماچل پردیش کے اونا میں آگ لگنے سے چار بچے زندہ جلے
ہمیر پور/اونا (ہماچل پردیش)، فروری ۔ ہماچل پردیش کے ضلع اونا کے امب سب ڈویژن میں بدھ کی رات آگ لگنے کے واقعہ میں ایک بچی سمیت چار بچے زندہ جل گئے۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔تھانہ افسر آشیش پٹھانیا نے بتایا کہ امب میں بدھ کی دیر رات بہار کے دربھنگہ ضلع کے رہنے والے بھدیشور داس اور رمیش داس کی جھونپڑیوں میں حادثاتی طور پر آگ لگ گئی، جس میں 4 بچوں کی موت ہوگئی۔مرنے والوں میں رمیش داس کے تین بچے، نیتو (14)، گولو کمار (7)، شیوم کمار (6) اوران کے رشتہ دار کالی دار کا بیٹا سونوکمار (17) شامل ہیں، جوحادثے کے وقت رمیش داس کی جھونپڑی میں سو رہا تھا۔ اس آگ میں تقریباً 30 ہزار روپے بھی جل کر راکھ ہو گئے۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی امب سے فائر بریگیڈ کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکا۔ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو اور نائب وزیر اعلیٰ مکیش اگنی ہوتری نے اس افسوسناک واقعے پر دکھ کا اظہار کیا اور حکام سے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کو کہا ہے۔