پہلوانوں نے آئی او اے سے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، جنوری۔ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن سنگھ کے خلاف مظاہرہ کرنے والے ریسلرز نے جمعہ کو انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) سے رجوع کیا اور ڈبلیو ایف آئی کے صدر پر لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔آئی او اے کے صدر پی ٹی اوشا کو لکھے ایک خط میں پہلوانوں نے کہا کہ انہیں ان کے کئی ساتھیوں نے برج بھوشن کے ہاتھوں جنسی ہراسانی کے بارے میں بتایا ہے۔ اس خط پر ٹوکیو اولمپک میڈلسٹ روی داہیا اور بجرنگ پونیا سمیت پانچ پہلوانوں کے دستخط ہیں۔ریو گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ساکشی ملک اور عالمی چیمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والی ونیش پھوگاٹ اور دیپک پونیا نے بھی شکایتی خط پر دستخط کیے ہیں۔ پہلوانوں نے ڈبلیو ایف آئی کو تحلیل کرنے اور اس کے صدر کو برطرف کرنے کا مطالبہ دہرایا ہے۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ڈبلیوایف آئی کے معاملات چلانے کے لیے پہلوانوں کی مشاورت سے ایک نئی کمیٹی تشکیل دی جائے۔واضح رہے کہ ملک کے سینئر پہلوانوں نے ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن سنگھ پر نوجوان کھلاڑیوں کی جنسی ہراسانی اور فیڈریشن کے کام کرنے کے انداز پر سوالات اٹھائے ہیں۔ بجرنگ پونیا، ونیش پھوگاٹ اور ساکشی ملک سمیت کئی تجربہ کار پہلوان جنتر متر پر دھرنے پر بیٹھے ہیں۔

Related Articles