شہزادہ ہیری کی سوانح حیات برطانیہ کی تیزی سے بکنے والی نان فکشن کتاب بن گئی

لندن ،جنوری۔ برطانوی شہزادہ ہیری کی کتاب برطانیہ کی سب سے تیزی سے بکنے والی نان فکشن کتاب بن گئی۔جیو نیوز کے مطابق شہزادہ ہیری کی سوانح حیات ’’اسپیئر ‘‘ کچھ تاخیر کے بعد باضابطہ طور پر فروخت کیلئے پیش کی گئی جس کی ساتھ ان کی یہ کتاب برطانیہ کی سب سیتیزی سے بکنیوالی نان فکشن کتاب بن گئی۔برطانیہ بھر میں شہزادہ ہیری کی کتاب 10جنوری کی شب 12بجے فروخت کیلئے پیش کی گئی جسے خریدنے کیلئے دکانوں کے آگے لوگوں کی لمبی قطاریں موجود تھیں۔پبلشر کے مطابق برطانیہ میں اشاعت کے پہلے ہی روز ہارڈ بک،ای بْک،آڈیو سمیت کتاب کی اب تک 4لاکھ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں، برطانوی شہزادے کی متنازع سوانح حیات کی نقول لیک ہونے کے بعد متعدد انکشافات سامنے آئے تھے جس کی وجہ سے لوگوں میں کتاب کے بارے میں اشتیاق بڑھ گیا تھا۔یہ کتاب دنیا بھر میں 16زبانوں میں شائع کی جائے گی جس میں شہزادہ ہیری نے شاہی خاندان کے بارے میں حیران کن انکشافات کئے ہیں۔ کتاب آن لائن پہلے ہی بیسٹ سیلر قرار دی جاچکی ہے۔410 صفحات کی کتاب میں شہزادہ ہیری نے شاہی خاندان کے اندر موجود تنازعات اور تناؤ کے بارے میں بتایا جب کہ اور بھی متعدد انکشافات کئے ہیں،کتاب میں ایک جگہ شہزادہ ہیری نے دعویٰ کیا کہ 2019میں ان کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم نے ان پر حملہ کرکے انہیں فرش پر گرا دیا تھا۔

Related Articles