تلنگانہ کے وزیراعلی کا قومی سیاست میں داخلہ

18جنوری کو جلسہ، تین ریاستوں کے وزرائے اعلی شرکت کریں گے

حیدرآباد،جنوری۔تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے قومی سیاست میں داخلے کے عزم کے ساتھ تلنگانہ کے ضلع کھمم میں اس ماہ کی 18تاریخ کو ہونے والے جلسہ کو بڑے پیمانہ پر کامیاب بنانے کے لئے کوششوں کاآغاز کردیاگیاہے۔وزیراعلی اس جلسہ کے ذریعہ اہم پیام دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے اپنی پارٹی کی قومی سیاست میں توسیع کی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔اسی کے حصہ کے طورپر یہ جلسہ منعقد کیاجارہا ہے۔سمجھاجاتا ہے کہ وہ اس جلسہ میں ملک کے عوام کو اہم پیام دینا چاہتے ہیں۔بڑے پیمانہ پر ہونے والے اس جلسہ کے انتظامات کے سلسلہ میں ریاستی وزرا مصروف ہیں جس میں قومی لیڈران بشمول دہلی کے وزیراعلی کیجروال، پنجاب کے وزیراعلی بھگونت مان اور کیرل کے وزیراعلی پنارائی وجین کے ساتھ ساتھ یوپی کے سابق وزیراعلی اکھلیش یادو شرکت کریں گے۔اس جلسہ کے انتظامات کے سلسلہ میں وزیر صحت ہریش راو نے آج صبح ضلع کھمم سے ہی تعلق رکھنے والے وزیرٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کے ساتھ جلسہ کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ان وزرا نے گاڑیوں کی پارکنگ کے مقام کے ساتھ ساتھ جلسہ میں شریک ہونے والے افراد کے بیٹھنے کے مقامات کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر ہریش راو نے کہاکہ چونکہ اس جلسہ میں قومی لیڈران شرکت کررہے ہیں اسی لئے عہدیدار اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ انتظامات آسانی کے ساتھ ہوں اور جلسہ میں شریک افراد کو کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ عہدیدار، عوامی نمائندوں کے ساتھ تال میل کے ذریعہ کام کریں تاکہ عوام کو کوئی بھی دشواری نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہاکہ جلسہ کے لئے عوام کی بڑی تعداد کو لانے کو یقینی بنایاجائے۔

Related Articles