تونیشا کی والدہ نے اس کا گلا دبا کر اسے مارنے کی کوشش کی تھی، وکیل شیزان

ممبئی،جنوری(پی ایس آئی)شیزان خان کے وکیل نے انکشاف کیا ہے کہ آنجہانی اداکارہ تونیشا شرما کی والدہ نے اسے گلا دبا کر مارنے کی کوشش کی تھی۔ شیزان خان کی بہنوں کی ہنگامہ خیز پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کے وکیل شلیندرا مشرا کا کہنا تھا کہ تونیشا کے نام نہاد ماموں پون شرما آنجہانی اداکارہ کے سابق منیجر تھے، جنہیں چار سال قبل ہی اس ملازمت سے فارغ کردیا گیا تھا۔ انہوں نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ پون مشرا کو ہٹائے جانے کی وجہ ان کا تونیشا کے ساتھ سخت رویہ اور ان کے ذاتی معاملات میں بیجا مداخلت تھی۔ شلیندرا مشرا کا یہ بھی کہنا تھا کہ تونیشا اور اس کے انکل سنجیو کوشل کے تعلقات بھی انتہائی کشیدہ تھے۔انہوں نے بتایا کہ تونیشا کی والدہ ونیتا شرما اور انکل سنجیو کوشل تونیشا کے مالی معاملات کو بھی کنٹرول کرتے تھے، جس کے باعث تونیشا متعدد مرتبہ والدہ سے اپنے ہی پیسوں کی درخواست کرتی رہتی تھیں۔ شیزان کے وکیل نے کہا کہ تونیشا کو سنجیو کا نام سن کر تکلیف ہوتی تھی۔ حتیٰ کہ سنجیو کے کہنے پر تونیشا کی والدہ نے بیٹی کا موبائل فون توڑ دیا تھا جبکہ اسے گلا دبا کر مارنے کی بھی کوشش کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے گھر والے ان کے مالی معاملات کو کنٹرول کرتے تھے جس کے باعث وہ پریشان تھیں اور ڈپریشن میں چلی گئیں جو اس کی موت کی وجہ بھی بن گئی۔

 

Related Articles