سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے یوگی کو روڈ شو کرنے کی کیا ضرورت ہے: راوت

ممبئی، جنوری ۔شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے جمعرات کو اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے ممبئی میں روڈ شو کرنے کی کیا ضرورت ہے۔مسٹر راوت نے کہاکہ ‘آخر ممبئی میں روڈ شو کرکے آپ کیا چاہتے ہیں؟ اگر آپ ممبئی سے اتر پردیش میں صنعتیں لینے آئے ہیں۔ تو ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی ریاست میں سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کی کوششوں پر کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن یہاں اس سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ مسٹر آدتیہ ناتھ ممبئی کے تاج ہوٹل میں ملک کے نامور بینکوں کے اعلیٰ عہدیداروں اور صنعت کاروں کے ساتھ میٹنگ کر رہے ہیں۔ وہ صنعت کاروں اور بینک کے افسران کو اتر پردیش میں مختلف شعبوں میں حکومت کی طرف سے کئے گئے کاموں کے بارے میں جانکاری دے رہے ہیں۔ اس پروگرام کو اتر پردیش حکومت نے ‘روڈ شو کا نام دیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے وزیر اعلیٰ تمام صنعت کاروں اور بینک حکام کو اتر پردیش میں سرمایہ کاری کے لیے روڈ میپ سے آگاہ کریں گے۔بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ان کی حکومت کے دوران یوپی میں کوئی فرقہ وارانہ فسادات نہیں ہوئے۔ امن و امان کی صورتحال اور خواتین کے تحفظ میں بہتری آئی ہے۔ عوام کا حکومت اور انتظامیہ پر اعتماد ہے۔ ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر تعصب کیے بغیر شفاف عمل کے ذریعے 05 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں۔ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت کی تمام فلیگ شپ اسکیموں کو بغیر کسی تعصب کے لاگو کیا ہے۔ کووڈ-19 وبائی امراض کے دوران 40 لاکھ مسافر ملک کے مختلف حصوں میں اپنے آبائی مقامات کو واپس چلے گئے۔

Related Articles