آؤٹ یا چھکا؟ بگ بیش لیگ میں ایک کیچ نے نئی بحث کو جنم دے دیا

برسبین ،جنوری۔آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کے ایک میچ کے دوران باؤنڈری کے قریب پکڑے جانے والے دلچسپ کیچ نے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔اتوار کو سڈنی سکسر اور برسبین ہیٹ کے درمیان سنسنی خیز میچ کے دوران اس وقت دلچسپ صورتِ حال پیدا ہوئی جب 225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سکسر کی بیٹنگ جاری تھی۔سکسر نے سات وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لیے تھے اور اسے یہ میچ جیتنے کے لیے 11 گیندوں پر مزید 26 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر کریز پر موجود جارڈن سلک دھواں دھار بیٹںگ کر رہے تھے۔سکسر نے 19ویں اوور کی دوسری گیند پر ایک اونچا شارٹ کھیلا لیکن باؤنڈری کے قریب موجود فیلڈر مائیکل نیسر نے دلچسپ انداز سے باؤنڈری کے باہر اور پھر اندر جا کر گیند تھام لی لیکن اپنے پاؤں زمین سے لگنے نہ دیے۔نیسر نے پہلے باؤنڈری کے قریب گیند پکڑی لیکن انہیں خدشہ ہوا کہ کہیں ان کا پاؤں باؤنڈری لائن سے نہ ٹکرا جائے، اس لیے وہ گیند ہوا میں اچھال کر باؤنڈری لائن کے اندر چلے گئے جہاں ایک مرتبہ پھر انہوں نے گیند پکڑی لیکن خود کو ہوا میں بلند کر لیا۔ اس کے بعد نیسر نے واپس باؤنڈری لائن کے اندر جا کر ایک مرتبہ پھر گیند کو تھام لیا۔گراؤنڈ میں موجود تماشائی اسے چھ رنز سمجھتے رہے لیکن امپائر نے اسے آؤٹ قرار دیا۔سلک کے آؤٹ ہونے پر یہ میچ سکسر کے ہاتھ سے ضرور نکل گیا لیکن نیسر کے کیچ پر ایک نئی بحث نے جنم لیا ہے۔کرکٹ کلبز اور کرکٹ مبصرین اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ آئی سی سی قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ کیوں کہ جب کھلاڑی باؤنڈر لائن کے اندر داخل ہو کر کیچ پکڑے تو اسے چھ رنز ہی قرار دینا چاہیے۔آئی سی سی قانون کے مطابق اگر فیلڈر باؤنڈری کے باہر کوئی کیچ پکڑتا ہے لیکن اس کے جسم کا کوئی حصہ زمین پر نہیں لگتا اور اسی لمحے وہ گیند باہر پھینک کر دوبارہ پکڑ لیتا ہے تو اس صورت میں بلے باز کو کیچ آؤٹ قرار دیا جائے گا۔آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے نیسر کے اس کیچ کو درست قرار دیتے ہیں۔ میسکویل کے بقول چوں کہ گیند کو پکڑتے وقت کھلاڑی کا پاؤں باؤنڈری کے اندر ہی تھا اس لیے یہ آؤٹ ہے۔لیکن بعض لوگوں کا خیال ہے کہ اسے آؤٹ کے بجائے چھکا قرار دیا جانا چاہیے تھا۔ایک ٹوئٹر صارف نے کیچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نیسر نے زبردست فیلڈنگ کی لیکن باؤنڈری کے باہر زمین پر قدم رکھنے کے بعد کیچ پکڑ لینے کو چھ رنز ہونا چاہیے۔ایک ٹوئٹر صارف نے نیسر کے کیچ کے فیصلے کو بگ بیش لیگ کا کریزی مومنٹ قرار دیا۔میلبرن کرکٹ کلب نے نیسر کے کیچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کیچ کے قانونی ہونے کی دو وجوہات ہیں۔ ایک تو یہ کہ بال کو پکڑے وقت فیلڈر کا پاؤں باؤنڈری کے اندر ہونا چاہیے اور دوسرا نکتہ یہ ہے کہ فیلڈر ایک ہی وقت میں گیند اور زمین کو باؤنڈری سے آگے نہیں چھو سکتا۔واضح رہے کہ برسبین ہیٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سڈنی سکسر کی ٹیم مقررہ اوورز میں 204 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔سڈنی سکسر کی جانب سے جارڈن سلک اور جیمز ونس نے 41، 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

Related Articles