امریکہ نے صدر پیوٹن کو قتل کرنے کی کوشش کی، روسی وزیرخارجہ

ماسکو،دسمبر ۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یوکرینی صدر زیلنسکی نے نیٹو ممالک سے روس پر جوہری حملے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، امریکا نے صدرپیوٹن کو قتل کرنے کی کوشش کی ،سرکاری نیوز ایجنسی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے یوکرین کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین، روس کے مطالبات پورے کرے ورنہ روسی فوج یوکرین کی تقدیر کا فیصلہ کرے گی، ان مطالبات میں روس کی جانب سے ضم کئے گئے 4یوکرینی علاقے کو روس کے کنٹرول میں دینا بھی شامل ہے،وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے یہ بھی کہا کہ اب گیند امریکا اور یوکرین کے کورٹ میں ہے جو لوہانسک، ڈونیسک، زاپوریزہیا اور خیرسون میں فضول مزاحمت کو روکیں گے۔روسی وزیر خارجہ نے دھمکی دی کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو یوکرین اور امریکا جان لیں کہ بہت دیر ہوجائے گی اور روس اپنی سلامتی کی حفاظت کے لئے ہر قدم اْٹھائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارے مطالبات دشمن کو اچھی طرح معلوم ہیں جن میں ان علاقوں سے فوجیں واپس بلانا جہاں روسی کنٹرول ہے اور یہاں سے روس کو لاحق سکیورٹی خطرات کا خاتمہ شامل ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ 15نومبر کو یوکرین سے فائر کیا گیا میزائل پولینڈ میں گرنے پر یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے فوری طور پر اسے روسی میزائل قرار دے کر نیٹو اور روس کے درمیان براہ راست جنگ شروع کرانے کی کوشش کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پینٹاگون کی جانب سے کریملن کو بڑا دھچکہ دینے والی دھمکی دراصل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو قتل کرنے کی کوشش تھی۔

Related Articles