بھارتی اداکارہ ریا کماری کو ہائی وے پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا

ہاوڑہ ،دسمبر۔جھارکنڈ کی اداکارہ ریا کماری کو ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر قتل کر دیا گیا , یہ افسوسناک واقعہ ویسٹ بنگال کے ضلع ہاوڑہ میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہناہے کہ فلم اداکارہ ریا کماری ، ان کے فلم پروڈیوسر شوہر پراکاش کماراور دوسالہ بیٹی اپنی گاڑی پر نیشنل ہائی وے نمبر 16 پر سفر کرتے ہوئے کلکتہ جارہے تھے ، صبح چھ بجے کے قریب کمار نے مہیشریکھا کے علاقے میں سٹاپ کیا ، اس دوران تین افراد نے اداکارہ سے قیمتی سامان لوٹنے کیلئے حملہ کیا ، اداکارہ نے اپنے شوہر کو بچانے کی کوشش کی تو ملزمان نے ریا کماری پر گولی چلا دی جس سے ان کی موت ہو گئی، چوری کی واردات کرنے والے ملزمان واقعہ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے ،کمار نے فوری اپنی اہلیہ کو گاڑی میں لیٹایا اور تین کلومیٹر تک مدد ڈھونڈتا رہا ، پھر اسے کچھ لوگ نظر آئے اور انہیں واقعہ سے متعلق بتایا ، ان لوگوں نے کمار کو ایس سی سی میڈیکل کالج لے جانے میں مدد کی لیکن ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے کماری کو مردہ قرار دیدیا۔پولیس کا کہناہے کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ خاتون کے شوہر سے بھی سوال و جوابات کیئے جارہے ہیں، ابھی بیٹی کی عمر بہت کم ہے اور ہم ان سے بھی بعد میں بات کرنے کی کوشش کریں گے ، ہم ان لوگوں سے بھی بات چیت کر رہے ہیں جنہوں نے ہسپتال لے جانے میں مدد دی ،پولیس نے فرانزک کیلئے گاڑی اپنی تحویل میں لے لی ہے۔

Related Articles