بنگلہ دیش 2.8 ارب ڈالر لاگت کے میٹرو ریل سسٹم سےجنوبی ایشیا کا تیسرا ملک بن گیا

ڈھاکہ ، دسمبر۔میٹرو ریل سروس فراہم کرنے کی سمت میں بہترین جست لگاتے ہوئے 2.8 ارب ڈالر لاگت کے میٹرو ریل سسٹم کے ساتھ بنگلہ دیش جنوبی ایشیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں دو اعشاریہ آٹھ بلین ڈالر کی لاگت سے بننے والی پہلی میٹرو ریل لائن کا افتتاح کر دیا گیا۔بنگلہ دیش جنوبی ایشیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے جہاں میٹرو ریل سسٹم ہے، اس شہری ریلوے منصوبے ’لائن 6‘ کے لیے زیادہ تر فنڈز جاپان فراہم کر رہا ہے۔وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ میٹرو ریل بھی ہمارے لیے ایک اور فخر کی بات ہے۔ حکام اور مسافروں کو امید ہے کہ اس سے دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد اور بھیڑ والے شہر میں ٹریفک کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔میٹرو لائن پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد ہر گھنٹے 60 ہزار افراد اس کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔ڈھاکہ ماس ٹرانزٹ کمپنی لمیٹڈ (ڈی ایم ٹی سی ایل) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ لائن، جو 20 کلومیٹر (تقریباً 12 میل) تک پھیلی ہوئی ہے، 16 اسٹیشنوں پر جائے گی اور ڈھاکہ کے شمالی زون کو سرکاری دفاتر اور اسپتالوں سے جوڑے گی، اور آخر کار شہر سے ہوتے ہوئے جنوب میں موتی جھیل کے مالیاتی ضلع تک پھیلے گی۔

Related Articles