ٹام کروز نے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے طیارے سے چھلانگ لگادی

لاس اینجلس،دسمبر۔ہالی وڈ کے 60 سالہ اسٹار ٹام کروز شوٹنگ کے دوران خطرناک اسٹنٹ خود کرنے کے لیے مشہور ہیں اور اس کے لیے اسٹنٹ مین کا سہارا نہیں لیتے۔خاص طور پر مشن امپاسبل سیریز کی فلموں نے ٹام کروز کے اسٹنٹس کو پوری دنیا میں مشہور کردیا ہے۔اس فلم سیریز کی 7 ویں فلم 2023 میں ریلیز ہوگی جس کی شوٹنگ ابھی جاری ہے۔اس فلم کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کی جانب سے مداحوں کے لیے ایک ‘خصوصی پیغام’ ٹوئٹر پر ویڈیو کی شکل میں جاری کیا گیا جس میں وہ ایک پرواز کرتے ہوئے طیارے پر کھڑے ہیں۔اس ویڈیو میں ٹام کروز نے کہا کہ ‘ہم جنوبی افریقا میں مشن امپاسبل ڈیڈ ریکنگ پارٹ 1 اور 2 کی عکسبندی کررہے ہیں’۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘میں سال کا اختتام آپ کا شکریہ ادا کیے بغیر نہیں کرنا چاہتا اور ٹاپ گن میورک کو سپورٹ کرنے پر آپ کا شکرگزار ہوں’۔ویڈیو میں مشن امپاسبل 7 کے ڈائریکٹر کرسٹوفر میکوائر کو بھی دکھایا گیا جو ٹام کروز کو کہتے ہیں کہ وقت ختم ہورہا ہے۔اس کے بعد ٹام کروز نے طیارے سے چھلانگ لگاتے ہوئے ایک بار پھر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ٹام کروز کے شکریہ ادا کرنے کے انداز نے مداحوں کو دنگ کردیا اور انہوں نے اداکار کی نئی فلم کے لیے اپنے جوش و خروش کا اظہار بھی کیا۔مشن امپاسبل 7 کو ڈیڈ ریکنگ پارٹ 1 کا نام دیا گیا ہے جو 14 جولائی 2023 کو ریلیز ہوگی جبکہ اس کا دوسرا حصہ 28 جون 2024 کو ریلیز کیا جائے گا۔مشن امپاسبل 7 میں ٹام کروز کے ساتھ ان کی ٹیم میں شامل ربیکا فرگوسن، سائمن پیگ اور وائنگ رحمس کی بھی واپسی ہوگی جبکہ چند نئے کرداروں کو بھی متعارف کرایا جائے گا۔

Related Articles