اسرائیلی صدراسحاق ہرتصوغ کا بحرین کا پہلا دورہ کرنے کا اعلان

تل ابیب،نومبر ۔ اسرائیل کے صدر اسحاق ہرتصوغ نے آیندہ ماہ بحرین کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔وہ اس خلیجی عرب ملک کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی سربراہ مملکت ہوں گے۔ان کے دفتر کے مطابق اسحاق ہرتصوغ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کی دعوت پربحرین کا سرکاری دورہ کریں گے۔اس کے بعد وہ متحدہ عرب امارات جائیں گے جہاں وہ صدر شیخ محمد بن زایدآل نہیان سے ملاقات کریں گے۔اسرائیل اوربحرین اس وقت ایک آزاد تجارتی معاہدے پربھی بات چیت کر رہے ہیں جسے وہ اس سال کے آخر تک حتمی شکل دینے کی امید رکھتے ہیں۔اسرائیل نے دوسال قبل امریکاکی ثالثی میں بحرین اور اس کے خلیجی ہمسایہ ملک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات استوار کیے تھے۔بحرین نے اس سال کے اوائل میں سابق اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کی میزبانی کی تھی۔انھوں نے منامہ کا دوروزہ دورہ کیا تھا اور اس میں علاقائی طاقت ایران کے ساتھ تناؤ کے تناظر میں خلیج میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی موجودگی کواجاگر کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ اسرائیل میں صدارت بڑی حد تک ایک رسمی عہدہ ہے ، لیکن اسحاق ہرتصوغ نے بہ طور صدر زیادہ نمایاں کردارادا کیا ہے۔اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ صہیونی ریاست میں گذشتہ چند سال سے کوئی مستحکم حکومت قائم نہیں ہوئی ہے۔سابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو رواں ماہ کے اوائل میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں سرفہرست رہے تھے۔یہ اسرائیل میں چار سال سے بھی کم عرصے میں پانچواں انتخاب تھا لیکن انھوں نے ابھی تک حکومت تشکیل نہیں دی ہے۔

Related Articles