نریندر مودی ایل کے اڈوانی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دینے ان کے گھر پہنچے

نئی دہلی، نومبر۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی منگل کو 95 برس کے ہو گئے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دینے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔ اس کے علاوہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی ان کی رہائش گاہ پہنچ کر انہیں مبارکباد دی ہے۔دونوں لیڈروں کی مسٹر اڈوانی سے ملاقات کی کچھ تصویریں اور ویڈیو بھی منظر عام پر آئے ہیں۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیر اعظم مودی پرجوش انداز میں سینئر بی جے پی لیڈر اڈوانی کو مبارکباد دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ مسٹر مودی نے اس دوران انہیں گلدستہ بھی پیش کیا۔ وزیر دفاع سنگھ نے بھی مسٹر اڈوانی سے ملاقات کی اور ان کی اچھی صحت اورطویل عمر کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔ وزیر دفاع نے ٹویٹر پر لکھاکہ میں محترم اڈوانی جی کے گھر گیا اور انہیں سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد دی۔ میں ایشور سے ان کی اچھی صحت اورطویل عمر کے لیے دعا گو ہوں۔ مسٹر سنگھ کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی مسٹر اڈوانی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ مسٹر شاہ نے بھی ٹویٹ کیا اور انہیں مبارکباد دی اور لکھاکہ ’’محترم ایل کے اڈوانی جی، آپ کو سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد۔ اڈوانی جی نے اپنی مسلسل محنت سے پورے ملک میں تنظیم کو مضبوط کیا، وہیں دوسری طرف حکومت میں رہتے ہوئے ملک کی ترقی میں انمول حصہ ڈالا۔ میں ایشور سے ان کی اچھی صحت اور طویل عمر کے لیے دعا گو ہوں۔وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر نے مسٹر ایل کے اڈوانی کو ان کی سالگرہ پر بھی مبارکباد دی۔ ڈاکٹر جے شنکر روس کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلیک منی کے خلاف مسٹر اڈوانی جی کی طرف سے چلائی گئی جن چیتنا یاترا کے اثر کو یادکیجئے۔وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ’’محترم اڈوانی جی کو سالگرہ مبارک ہو۔ ان کے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی نظم و نسق میں شفافیت لانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔‘واضح رہے کہ مسٹر اڈوانی 8 نومبر 1927 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے چھوٹی عمر میں ہی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) میں شمولیت اختیار کی اور قابل ذکر تنظیمی مہارت کا مظاہرہ کیا۔وہ 1980 میں بی جے پی کے بانی اراکین میں سے ایک ہیں۔ سابق وزیر اعظم کئی دہائیوں تک اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ نمایاں چہرہ رہے۔ 1990 میں ایودھیا میں رام مندر کی حمایت میں نکالی گئی رتھ یاترا کو ملک میں دائیں بازو کی سیاست کے عروج کی بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے۔مسٹر اڈوانی ملک کے وزیر داخلہ تھے اور نائب وزیر اعظم بھی رہ چکے ہیں۔ وہ کئی بار بی جے پی کے قومی صدر بھی رہ چکے ہیں۔

Related Articles