کمال راشد خان نے ’خانز‘ کے بارے میں اپنے بیانات پر یوٹرن لے لیا

ممبئی،نومبر۔بھارتی اداکار و پروڈیوسر، مصنف اور خود ساختہ نقاد کمال راشد خان نے سلمان خان اور شاہ رخ خان کے بارے میں دیے گئے اپنے بیانات پر یوٹرن لے لیا۔جب سے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ سے اسکرین پر واپسی کا اعلان ہوا ہے، کمال راشد خان عرف کے آر کے مسلسل اس فلم پر تنقید کرتے نظر آرہے ہیں۔البتہ اب کمال راشد خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہ رخ خان سے اپنے نامناسب روّیے پر معافی مانگی ہے۔اْنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’شاہ رخ بھائی جان، اگر میں نے آپ کو کسی بھی طرح سے تکلیف پہنچائی تو میں بہت معذرت خواہ ہوں‘۔اْنہوں نے مزید لکھا کہ’اب فلم پٹھان کو میری مکمل حمایت حاصل ہے!‘۔اسی طرح کمال راشد خان نے سلمان خان کی طرف بھی دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا ہے۔ کمال راشد خان کی ممبئی میں حالیہ مختصر گرفتاری کے بعد سلمان خان سے قانونی جنگ شروع ہوئی تھی۔لیکن اب کمال راشد خان کا کہنا ہے کہ ان کی گرفتاری کے پیچھے سلمان خان کا ہاتھ نہیں، اس حوالے سے ان کا خیال غلط تھا۔بھارتی اداکار کی جانب سے کیے گئے اس ٹوئٹ پر ایک ٹوئٹر صارف نے ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ’اتنا کیوں ڈرتے ہو سلّو بھائی سے‘۔کمال راشد خان نے اس ٹوئٹر صارف کے ردِعمل کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’اگر مجھے پتا چل گیا ہے کہ سلمان خان کے کندھے پر رکھ کر چلا کوئی اور رہا ہے تو میرا فرض بنتا ہے کہ میں اپنی غلطی کا اعتراف کروں‘۔اْنہوں نے مزید لکھا کہ ’غلطی کا اعتراف کرنے کا مطلب ڈرنا نہیں ہوتا‘۔

Related Articles