کیبل برج کا کام سنبھالنے والی ایجنسی کے خلاف معاملہ درج: سنگھوی

موربی، اکتوبر۔گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے پیر کو کہا کہ ریاست کے موربی قصبے میں مچھو ندی پر جھولتے پل کے حادثے کے سلسلے میں پل کا کام سنبھالنے والی ایک نجی ایجنسی کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ مسٹر سنگھوی نے ٹویٹ کرکے کہا کہ ایک پرائیویٹ ایجنسی اس کیبل برج کا کام سنبھالتی تھی۔ ریاستی حکومت نے اس ایجنسی کے خلاف معاملہ درج کرایا ہے۔ ایجنسی کے خلاف دفعہ 304، 308، 114 کے تحت فوجداری مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گجرات پولیس نے بھی پرائیویٹ ایجنسیوں کے خلاف مجرمانہ قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے جوغیر ارادتآ قتل اور اس کی کوشش کے مترادف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی پانچ ٹیمیں، فضائیہ اور بحریہ کی دو ٹیمیں بھی بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں۔ دریا سے لوگوں کو نکالنے کے لیے کشتیوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ایمرجنسی سروس 108 اور ڈاکٹروں کی ٹیم بھی موقع پر تعینات ہے۔ وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے ایک ہائی پاور کمیٹی تشکیل دی ہے جو حادثے کی مکمل تحقیقات کرے گی اور حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ موربی قصبے میں مچھو ندی پر کیبل پل گرجانے سے مرنے والوں کی تعداد 134 ہو گئی ہے اور 7 دیگر زخمی ہیں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں راجکوٹ کے بی جے پی رکن اسمبلی موہن کنڈاریا کے 12 رشتہ دار بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کا سرکاری اور نجی اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔ پل کو عام لوگوں کے لیے 26 اکتوبر، گجراتی نئے سال کے دن کھولا گیا تھا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ اگرچہ مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد پل کو کھول دیا گیا تھا لیکن مقامی شہری ادارے کی جانب سے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا تھا۔

 

Related Articles