ہماچل میں بی جے پی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں : پرینکا

منڈی (ہماچل پردیش)، اکتوبر۔کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے پیر کو کہا کہ ہماچل پردیش کے لوگ ترقی اور اپنی بہتری کے لیے ریاست میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں۔ یہاں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ واڈرا نے کہا کہ ہماچل پردیش کے لوگوں کی بہتری کے لیے بدعنوان بی جے پی حکومت کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے پانچ برسوں میں حکومت بدلنے کی جو روایت برقرار رکھی ہے وہ واقعی بہت اچھی ہے۔ اس سے پارٹی اور اس کے لیڈروں کا دماغ درست رہتا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر کانگریس انتخابات جیت کر حکومت بنانے میں کامیاب ہوتی ہے تو ان کی پارٹی کی حکومت ہر سال بے روزگاروں کو ایک لاکھ ملازمتیں دے گی۔ انہوں نے اس وعدے پر بھروسہ کرنے کی مثال دی کہ چھتیس گڑھ میں کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ حکومت کے قیام کے پہلے ہی دن پورا ہو گیا۔ محترمہ واڈرا نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے وزیر اعلی منڈی ضلع سے ہیں لیکن انہوں نے یہاں کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ اگر بی جے پی حکومت جس نے آپ کے لیے پانچ سال میں کچھ نہیں کیا تو کیا آپ انہیں مزید پانچ سال دینا چاہتے ہیں؟ بی جے پی حکومت پر روزگار کے نام پر نوجوانوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش میں سرکاری محکموں میں 63 ہزار عہدے خالی ہیں لیکن انہیں پُر نہیں کیا گیا۔ حکومت نے فوج میں بھرتی کی اگنی ویر اسکیم لا کر نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ دودھ، دہی، آٹا اور سرسوں کے تیل پر جی ایس ٹی لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اور ان کی دادی اندرا گاندھی کا ہماچل پردیش سے اٹوٹ رشتہ تھا۔ آج کی سیاست میں پیسے کا غلبہ ہے۔ جھوٹ بولا جاتا ہے لیکن اندرا گاندھی کے دور میں ایسا نہیں تھا۔

 

Related Articles