عالمی کپ ٹورنامنٹ سے لطف اندوزہوں

سعودی ولی عہدکی فٹ بال ٹیم کی حوصلہ افزائی

ریاض،اکتوبر۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 میں شرکت سے قبل سعودی فٹ بال ٹیم سے ملاقات کی ہے۔انھوں نے اپنی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور منتظمین کی بھرپورانداز میں حوصلہ افزائی کی ہے۔سعودی ولی عہد نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ’’سب سے پہلے تو میں عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پرٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم کے انچارج کومبارک باد پیش کرتا ہوں۔میں جانتا ہوں کہ ورلڈ کپ میں ہمارا گروپ مشکل ہیاور کوئی بھی ہم سے جیتنے یا ڈرا کرنے کی توقع نہیں کرتا ہے، لہٰذا میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آرام دہ اور پرسکون رہیں،اطمینان بخش انداز میں کھیلیں اور ٹورنامنٹ سے لطف اندوزہوں‘‘۔انھوں نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ ’’میں نہیں چاہتا کہ آپ میں سے کوئی بھی نفسیاتی دباؤ میں کھیلے کیونکہ یہ دباؤ آپ کی قدرتی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے‘‘۔توقع ہے کہ سعودی عرب ٹورنا منٹ کے گروپ سی میں ارجنٹائن، میکسیکو اور پولینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ سعودی عرب کی قومی ٹیم کی فٹ بال عالمی کپ ٹورنا منٹ میں یہ چھٹی شرکت ہے۔شہزادہ محمدبن سلمان نے مزیدکہا کہ ’’مجھے صرف اس بات کی پرواہے کہ آپ ان تینوں میچوں سے لطف اندوز ہوں۔ گڈ لک، ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں اور ہم ہر چیز کو قریب سے دیکھیں گے‘‘۔ملاقات میں سعودی وزیر کھیل عبدالعزیزآل سعود بھی موجود تھے۔آل سعود کا کہنا تھا کہ ’’آپ (ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے) ہمارے سب سے بڑے حامی ہیں اور مجھے امید ہے کہ کھلاڑی کچھ کردکھائیں گے اورانھوں نے کوالیفائنگ مرحلے میں ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے‘‘۔انھوں نے مزیدکہاکہ’’کھلاڑیوں نے اپنی ذمہ داری پوری کی اورامید ہے کہ وہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے سفرمکمل کریں گے۔انھوں نے مجھ سے وعدہ کیا ہے کہ وہ قومی ٹیم کے قابل کچھ کرگزرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے‘‘۔

Related Articles