مودی اجودھیا میں بھگوان شری رام کا علامتی راجیہ ابھشیک کریں گے

لکھنؤ/اجودھیا، اکتوبر۔وزیر اعظم نریندر مودی دیوالی کے موقع پر آج اتر پردیش کے اجودھیا میں منعقد چھٹے دیپوتسو کا افتتاح کرکے ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں لوگوں کے عقیدے کے علمبردارشری رام کا علامتی راجیہ ابھشیک کریں گے۔وزیر اعظم مودی اپنے اتر پردیش قیام کے دوران اتوارکی سہ پہراجودھیا پہنچیں گے۔ اجودھیا واقع ساکیت ڈگری کالج میں وزیر اعظم کی آمد پر یوگی وزیر اعلیٰ ان کا کا استقبال کریں گے۔ ساکیت ڈگری کالج میں مختصر قیام کے بعد، وہ یوگی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے دیپوتسو کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت سے پہلے شام ساڑھے چاربجے شری رام جنم بھومی پہنچیں گے۔ جہاں رام للا ویراجمان کے درشن پوجن کے بعد وزیر اعظم مودی اس مقام پر بننے والے عظیم الشان رام مندر کی تعمیر کا معائنہ کریں گے۔اس کے بعد وزیر اعظم مودی شام 5.15 بجے شری رام کتھا پارک جائیں گے، جہاں وہ بھگوان شری رام کا علامتی راجیہ ابھشیک کریں گے۔ اس کے بعد وہ شام 5:45 پرسریو گیسٹ ہاؤس آئیں گے اور شام 6 بجے نیا سریو گھاٹ پہنچ کر سریوندی کی آرتی میں شامل ہوں گے۔ آرتی کرنے کے بعد، وزیر اعظم مودی رام کی پیڑی پہنچ کر شام 6 بجے عظیم دیپوتسو کی تقریبات کا آغاز کریں گے۔ اس کے بعد وہ شام 7 بجے سے شام 7.15 بجے تک نیا گھاٹ پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے مزین سبز آتش بازی ‘گرین اینڈ ڈیجیٹل فائر ورکس’ کا مشاہدہ کریں گے۔ اس کے بعد وہ شام 7.30 بجے اجودھیا ہوائی پٹی سے دہلی کے لیے روانہ ہوں جائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی کی اجودھیا آمد سے قبل وزیر اعلیٰ یوگی دوپہر 12:15 بجے لکھنؤ سے اجودھیا کے لیے روانہ ہوں گے۔ اجودھیا پہنچنے پر یوگی تمام مقامات انعقاد کا معائنہ کرتے ہوئے تین بجے رام کتھا پارک پہنچ کر یاترا کا مشاہدہ کریں گے۔ رام کتھا پارک میں وزیر اعلیٰ یوگی شری رام، ماتا سیتا اور لکشمن جی کے سوروپوں کے اوترن اور بھارت ملاپ پروگرام میں شرکت کریں گے۔ وہ شری رام دربار کے ساتھ شری رام کتھا پارک آئیں گے اور شری رام و ماتا جانکی کی پوجا کریں گے۔ اس دوران وہ 8 ممالک اور 10 ریاستوں کی رام لیلا کا مشاہدہ بھی کریں گے۔

Related Articles