دریشم 2: سات برس قبل دفن راز دوبارہ کھولنے کی کہانی

ممبئی،اکتوبر۔اداکار اجے دیوگن کی سسپنس اور تھرل سے بھرپور فلم ‘دریشم’ میں چھپے راز اب سات برس بعد کھلنے جا رہے ہیں۔ فلم کا سیکوئل جلد سنیما گھروں کی زینت بنے گا۔پیر کو فلم ‘دریشم 2′ کا آفیشل ٹریلر ریلیز ہوا ہے۔ بھارتی ریاست گوا میں فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر اجے دیوگن اور اداکارہ تبو سمیت دیگر کاسٹ بھی موجود تھی۔’دریشم’ سن 2015 میں ریلیز ہوئی تھی اور اب سات برس بعد 18 نومبر 2022 کو فلم کا سیکوئل یعنی ‘دریشم 2′ ریلیز ہوگی جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔’دریشم 2’ کی کہانی وہیں سے شروع ہوتی ہے جہاں سے اس کا سلسلہ 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم کے اختتام پر منقطع ہوا تھا۔ یعنی اجے دیوگن کی بیٹی سے ایک شخص کا قتل ہو جاتا ہے جس کے بعد یہ خاندان ایک فیملی ٹرپ پر نکل جاتا ہے تاکہ تفتیش کے دوران پولیس کو یہ یقین دلا سکیں کہ جس وقت قتل ہوا تھا وہ شہر میں موجود نہیں تھے۔اب ‘دریشم 2′ میں سات برس قبل پیش آنے والے واقعے کی دوبارہ چھان بین دکھائی گئی ہے۔ کیا اس بار بھی وجے (اجے دیوگن) کا خاندان بچ سکے گا؟ یہ جاننے کے لیے شائقین کو فلم کا انتظار کرنا پڑے گا۔’دریشم 2’ کے ٹریلر کا آغاز اجے دیوگن کے ایک ڈائیلاگ سے ہوتا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ "سچ کسی پیڑ کے بیج کی طرح ہوتا ہے، جتنا چاہے دفنا لو ایک دن باہر آ ہی جاتا ہے۔”اس فلم میں اداکار اجے دیوگن کے ساتھ اداکارہ تبو، اشیتا دتا، اکشے کھنا اور رجت کپور سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ فلم کی ہدایات ابھیشیک پاٹھک نے دی ہیں۔بھارتی صحافی ہمیش نے دریشم 2 کے ٹریلر کو ‘پاور پیک’ قرار دیا۔گورو نامی صارف نے بھی ‘دریشم 2’ کے ٹریلر کی تعریف کی۔اویناش سنگھ نے فلم کی کاسٹ کو سراہنے کے ساتھ ساتھ کہا کہ اس کا بیک گراؤنڈ اسکور زبردست ہے۔یاد رہے کہ اجے دیوگن کی فلم ‘دریشم’ دراصل سن2013 کی ملیالم زبان میں بننے والی ‘دریشم’ کا ہندی ورڑن تھا۔

Related Articles