نامور موسیقار بھی عاطف اسلم کا میوزِک کاپی کرتے ہیں: بھارتی گلوکار

ممبئی،ستمبر۔بھارتی موسیقار و گلوکار پلاش سین کا کہنا ہے کہ بہت سے نامور بھارتی موسیقار بھی عاطف اسلم کے میوزِک کو کاپی کرتے ہیں۔ پلاش سین نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر عاطف اسلم کے ساتھ اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔اْنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میرے خیال سے پچھلے 15 سال میں بالی ووڈ کی موسیقی اور سب سے زیادہ گلوکاروں پر جس گلوکار نے سب سے زیادہ اثر ڈالا ہے، وہ عاطف اسلم ہے۔ پلاش سین نے لکھا کہ بہت زبردست عاطف اسلم، میں یہ بات بڑی عاجزی کے ساتھ کہہ رہا ہوں۔اْنہوں نے عاطف اسلم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ عاطف کے پاس اپنا ایک خاص انداز ہے۔پلاش سین نے لکھا ہے کہ زیادہ تر گلوکاروں نے عاطف کو ہی بالی ووڈ میں کاپی کرنے کی کوشش کی اور اس کی موسیقی کو اب بھی کچھ نامور میوزک ڈائریکٹرز کاپی کرتے ہیں۔ پلاش سین نے عاطف اسلم کو ’مائنر کورڈ‘ کا بادشاہ قرار دے دیا ہے۔اْنہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں بتایا ہے کہ یہ تصویر جو میں نے شیئر کی ہے، 10 سال پرانی ہے، اس وقت ہم دونوں نے ابوظبی میں اپنے کنسرٹ کے لیے تعاون کیا تھا، جہاں ہندوستانی اور پاکستانی دونوں نے ساتھ گایا اور ایک ساتھ ڈانس کیا کیونکہ موسیقی دلوں کو جوڑ دیتی ہے۔

 

Related Articles