اکھلیش کے اقتدار میں واپسی کا خواب اب کبھی پورا نہیں ہوگا:ساکشی مہاراج

اٹاوہ:ستمبر۔اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے ہمیشہ سرخیوں میں رہنے والے اناؤ کے ایم پی و بی جے پی لیڈر ساکشی مہاراج نے آج یہاں دعوی کیا کہ سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو کا اترپردیش کے اقتدار میں لوٹنے کا خواب اب کبھی بھی پورا نہیں ہوگا۔ایک مذہبی تقریب میں شرکت کرنے یہاں پہنچے بی جے پی ایم نے پیر کو میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ سال 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی یوپی کی 80سیٹوں پر جیت کاعلم لہرائے گی۔ بہار میں ہوئی تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے مہاراج نے کہا’بالکل ٹھیک ہے۔ میں بھی کہہ رہاہوں تصویر 2024 میں دکھائی دے گی، نتیش جی نے اپنے سیاسی کیرئیر تباہ کرلیا ہے۔ اتنا رنگ بدلنے والا اور دھوکہ دینے والا شخص سیاست میں ڈھونڈنے سے بھی نہ ملے گا۔کانگریس کی ملک جوڑو یاترا پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا’ ارے راہل گاندھی ہندوستان جوڑیں گے تو توڑا کس نے تھا۔پاکستان کس نے بنایا تھا یہ سب جانتے ہیں۔ ہندوستان کے ٹکڑے کانگریس کے میعاد کارمیں ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم مودی تو ان ٹوٹے ہوئے ٹکروں کو جوڑنے کا کام کررہے ہیں۔ کانگریس صرف توڑنے کا کام کررہی ہے۔کانگریس علیحدگی پسندوں کے ساتھ ہے جو ہندستان کے مخالف ہیں۔ انہیں کے ساتھ اٹھتی ہے۔ بیٹھتی ہے بات چیت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو جوڑنے کا کام حقیقت میں نریندر مودی نے کیا ہے۔ کشمیر سے جیسے ہی دفعہ 370ہٹا دیا گیا اس سے دہشت گردوں۔ علیحدگی پسندوں کو سخت چوٹ لگی ہے۔

 

Related Articles