آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد زمبابوے کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں

ٹاؤنسویل، ستمبر۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو ہوٹن نے آسٹریلیا کے خلاف زمبابوے کی تین وکٹ سے جیت کے بعد کہا کہ ان کی خوشی کاٹھکانہ نہیں ہے۔ زمبابوے کی ٹیم جو 2003 کے بعد پہلی بار دو طرفہ سیریز کے لیے آسٹریلیا آئی تھی ، نے ہفتے کو تیسرے ون ڈے میں پہلی بار آسٹریلیا کو ان کے گھر پر شکست دی۔ آسٹریلیا نے زمبابوے کو 50 اوورز میں 142 رنز کا ہدف دیا جو اس نے سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کوچ ہیوٹن نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خوشی کاکوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔ ہم بڑی ٹیموں کو بہت کم شکست دے پاتے ہیں اور انہیں ان کے گھر پر ہرانا ہمارے اور ہماری حالیہ کرکٹ کے لیے بہت مثبت پہلوہے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں زمبابوے کی حالیہ کارکردگی اچھی رہی ہے۔ بنگلہ دیش کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دینے کے بعد، وہ ہندوستان کے خلاف آخری ون ڈے بھی جیتنے کے قریب پہنچ گئی تھی۔ ہیوٹن کو امید ہے کہ ٹیم اس نتیجہ کی بدولت اور بڑے دورے کھیل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس کی وجہ سے ہمیں مزید میچز ملیں گے۔ اگلے چھ ماہ میں ہمارے لیے کچھ اچھے مواقع آنے والے ہیں اوربڑے ممالک کے دوروں میں شامل ہونا اچھا ہوگا۔ انہوں نے کہا، ہم اس طرح کے دوروں پر جتنی زیادہ جیت حاصل کر سکتے ہیں، اتنا ہی زیادہ امکان ہے کہ ہم مستقل طور پر کچھ بڑے حریف حاصل کر سکیں گے۔

Related Articles