یوتھ کانگریس کا ہر کارکن مہاریلی میں شامل ہو: سرینواس
نئی دہلی، اگست۔یوتھ کانگریس کے صدر سری نواس بی وی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام لوگوں کی کمر توڑ دی ہے اور ہر طبقہ اس سے دکھی ہے، اس لیے پورے ملک میں یوتھ کانگریس کے کارکنوں کو اس وبا کے خلاف منعقد کانگریس کی مہاریلی میں شامل ہونا چاہئے.منگل کو یوتھ کانگریس کے کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے مسٹر سرینواس نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ آج 83 فیصد لوگوں کی آمدنی میں کمی آئی ہے۔ روزمرہ کی چیزوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور عوام کو پریشان کیا جا رہا ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے عوام کے گھر کا بجٹ بگڑ گیا اور مہنگائی نے 70 سال کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ ملک میں مہنگائی سے عام لوگ پریشان ہیں، لیکن وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن پارلیمنٹ میں کہتی ہیں کہ مہنگائی کہاں ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومت نے مہنگائی پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور اسے جگانے کے لئے کانگریس جو جدوجہد کر رہی ہے، اسی سلسلہ میں کانگریس نے 4 ستمبر کو ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا ہے، جس میں پورے ملک کے یوتھ کانگریس کے کارکنان تمام کام چھوڑ کر شامل ہونا چاہئے۔یوتھ کانگریس کے لیڈر نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو تشہیری مہم چلانے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کام نہیں کرتی ہے لیکن پروپیگنڈے پر بہت زیادہ توجہ دیتی ہے۔ اس پروپیگنڈے والی حکومت نے گزشتہ آٹھ برسوں میں ملک کو گمراہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ غیر ضروری مسائل کے درمیان مہنگائی کو بڑی چالاکی اور خاموشی سے عوام پر مسلط کیا گیا لیکن اب عوام ان کی سازش کو سمجھ چکے ہیں اور اسی لیے کانگریس مہنگائی پر پروگرام چلا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو زبردستی دبانے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب جاگ چکے ہیں لہٰذا حکومت کو جلد از جلد قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا اعلان کرنا چاہئے اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہیئں۔