چنڈیمل کی ایشیا کپ کے لیے ٹیم میں واپسی

کولمبو، اگست۔سری لنکا کے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز دنیش چنڈیمل کی ایشیا کپ-2022 کے لیے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ چنڈیمل نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ فروری 2022 میں ہندوستان کے خلاف کھیلا تھا۔ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے یو اے ای میں ہونے والے ایونٹ کے لیے ہفتے کے روز اعلان کردہ 20 رکنی اسکواڈ میں نوجوان سنسنی متھیشا پتھیرانا کو بھی شامل کیا۔ متھیشا اپنے بالنگ ایکشن سے لاستھ ملنگا کی یاددلاتے ہیں اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں چنئی سپر کنگز کے لیے کھیلتے ہوئے متاثر کن پرفارمنس کی ہے۔ سری لنکا نے اپنی ٹیم میں وینندو ہسرنگا، مہیش تیکشا، جیفری وینڈرسے اور پراوین جے وکرما کی شکل میں چار اسپن بولرز کو شامل کیا ہے جو دبئی کی سست پچ پر کارآمد ثابت ہوں گے۔ سری لنکا کو اپنے پہلے راؤنڈ کے دونوں میچز افغانستان (27 اگست) اور بنگلہ دیش (یکم ستمبر) کے خلاف دبئی میں کھیلنا ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر پتھم نسانکا، کوسل مینڈس اور چریت اسلانکا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آئی پی ایل میں اپنی پہچان بنانے والے بھانوکا راجا پاکسے بھی یو اے ای جانے والی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ سری لنکا اسکواڈ: داسن شناکا (کپتان)، دھنوشکا گناتھیلاکا، پاتھم نسانکا، کوسل مینڈس، چرت اسلانکا، بھانوکا راجا پاکسے، اشین بندارا، دھنجے ڈی سلوا، ونیندو ہسرنگا، مہیش تیکشانا، جیفری وینڈرسے، پروین جے وکرما، دشمنت چمریرا، بنورا فرنانڈو، چمیکا کرونا رتنے، دلشان مدشنکا، متھیشا پتھیرانا، دنیش چنڈی مل، نوواندو فرنانڈو اور کسن رجیتا۔

Related Articles