گجرات میں پانچ دن تک بارش ہونے کی وارننگ

احمد آباد، جولائی۔گجرات کے محکمہ موسمیات نے ریاست میں پانچ دنوں تک بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ ریاست میں اب تک کل موسمی بارش 59.86 فیصد سے زیادہ درج کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منورما موہنتی نے کہا کہ ریاست میں 21 جولائی کو ہلکی بارش متوقع ہے۔ 23 اور 24 جولائی کو ریاست کے کئی اضلاع میں بھاری سے بہت بھاری بارش کی توقع ہے۔ 23 جولائی کو کچھ میں شدید بارش کا امکان ہے۔ ریاست میں 24 جولائی تک موسلادھار بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے، جبکہ ہلکی بارش آج بھی ہو رہی ہے۔ ریاست میں موسلا دھار بارش کی پیشن گوئی کے پیش نظر ماہی گیروں کو 23 اور 24 جولائی کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق،ولساڈ کے کپراڈا میں صبح 6 بجے سے دوپہر 2 بجے تک 23 ملی میٹر اور 47 دیگر تعلقہ میں 1 ملی میٹر سے 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی)کے مطابق 30 اضلاع کے 184 تعلقہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صبح 6 بجے تک بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش ولساڈ کے کپراڈا میں 81 ملی میٹر اور 183 تعلقہ میں 80 ملی میٹر سے ایک ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں بارش سے متاثرہ اضلاع میں بچاؤ کام میں مصروف ہیں۔

Related Articles