بین اسٹوکس کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

لندن، جولائی۔ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اور سرکردہ آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے پیر کے روز ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔2019 کے ون ڈے عالمی کپ فاتح اسٹوکس نے ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ منگل کے روز ڈرہم میں ساوتھ افریقہ کے خلاف سیریز کا پہلا میچ ان کے ون ڈے کیریر کا آخری میچ ہوگا۔ اسٹوکس کو اس سال انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں فارمیٹس میں کھیلنا ان کے لیے صحیح نہیں ہے اور انھیں لگتا ہے کہ وہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی جگہ کو روک رہے ہیں۔ اسٹوکس کو اس سال اپنے گھر پر انگلینڈ کے تمام چھ ایک روزہ میچ کھیلنا تھے۔ تب یہ توقع کی جارہی تھی کہ وہ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے جس کے بعد انہیں دی ہنڈریڈ میں حصہ لینا تھا۔ تاہم، انہوں نے اب یہ فیصلہ سب کچھ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے وقف کرنے اور ٹی 20 فارمیٹ سے اپنی وابستگی کے پیش نظر کیا ہے۔ اسٹوکس نے ٹویٹ کیا، ’’میں منگل کو ڈرہم میں انگلینڈ کے لیے ون ڈے کرکٹ میں اپنا آخری میچ کھیلوں گا۔ میں نے اس فارمیٹ سے ریٹائر کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میرے لیے بہت مشکل فیصلہ رہا ہے۔ میں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ انگلینڈ کے لیے کھیلتے ہوئے ہر منٹ کا لطف اٹھایا ہے۔ ہمارا سفر شاندار رہا ہے۔‘‘ اسٹوکس نے مزیدکہا یہ فیصلہ کرنا جتنا مشکل تھا، اس حقیقت سے نمٹنا اتنا مشکل نہیں ہے کہ میں اب اس فارمیٹ میں اپنے ساتھیوں کو 100 فیصد نہیں دے سکتا۔تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اب میرے لیے صحیح نہیں ہے۔ نہ صرف مجھے لگتا ہے کہ مصروف شیڈول کی وجہ سے میرا جسم توقعات پر پورا نہیں اتر رہا ہے بلکہ مجھے لگتا ہے کہ میں ایک ایسے کھلاڑی کی جگہ روک رہا ہوں جو جوس (بٹلر) اور جو اس ٹیم کو اپنا 100 فیصددے سکتا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ کوئی اور کرکٹر کے طور پر قدم اٹھائے اور وہ یادیں بنائے جو میں نے گزشتہ 11 برسوں میں بنائی ہیں۔ میں اپنا سب کچھ ٹیسٹ کرکٹ کو دے دوں گا اور اب اس فیصلے کے ساتھ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے تئیں اپنی وابستگی پر عمل کرنے کا اہل ہو جاؤں گا۔ میں جوس بٹلر، میتھیو موٹ، تمام کھلاڑیوں اور معاون عملے کو مستقبل میں اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ اسٹوکس نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے اب تک کھیلے گئے 104 میچوں کا لطف اٹھایا ہے۔ اب میرے پاس لطف اندوز ہونے کے لیے ایک اور میچ ہے اور میں اپنا آخری میچ خاص طور پر اپنے ہوم گراؤنڈ ڈرہم پر کھیلنے جا رہا ہوں۔انگلینڈ ٹیم کے شائقین ہمیشہ میرے ساتھ رہے ہیں اورآگے بھی رہیں گے۔ آپ دنیا کے بہترین پرستار ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ہم منگل کو جیت کے ساتھ جنوبی افریقہ سیریز میں اچھی شروعات کریں گے۔

 

Related Articles