سونیا نے گجرات اور مودی کوبدنام کرنے کے لیے تیستا کا استعمال کیا: بی جے پی
نئی دہلی، جولائی۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج کانگریس پرالزام لگایا کہ گجرات فسادات کے تعلق سے اس نے مسٹر مودی کی تذلیل اوربدنام کرنے کے لئے تیستا سیتلواڑ کا استعمال کیا اوراس کے لئے کروڑوں روپے خرچ کئے۔بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے گجرات فسادات کے تعلق سے سپریم کورٹ کی طرف سے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی کے ایک حلف نامے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گجرات فسادات 2002 میں جس طرح عزت مآب جناب نریندر مودی جی کی تذلیل کی کوشش کانگریس نے سازش کے تحت کی تھی، اس کی حقیقت تہہ در تہہ سامنے آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس پر کہا تھا کہ کچھ لوگ سازش کے تحت اس موضوع کو زندہ رکھنے کی کوشش کر رہے تھے اور غلط حقائق پیش کر رہے تھے اور اب ان لوگوں پر بھی شکنجہ کسے۔اس تناظر میں تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی نے عدالت میں ایک حلف نامہ پیش کیا ہے جس میں پوری سازش کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلف نامہ کہتا ہے کہ تیستا سیتلواڑ اور ان کے ساتھی انسانیت کے تحت کام نہیں کر رہے تھے۔ یہ سیاسی مقاصد کے ساتھ کام کر رہے تھے۔مسٹر پاترا نے کہا کہ کانگریس کے دو مقاصد تھے۔ پہلا، گجرات کی اس وقت کی حکومت کو غیر مستحکم کیا جائے اور دوسرا بے قصور لوگوں کو اس میں شامل کیا جائے جس میں مسٹر مودی کا نام بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلف نامے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سازش کرنے والیں محترمہ سونیا گاندھی کے سابق چیف سیاسی مشیر احمد پٹیل تھے۔ احمد پٹیل توصرف نام ہے، اس سب کے پیچھے بنیادی طور پر محترمہ سونیا گاندھی کا نام ہے۔ محترمہ گاندھی نے گجرات کی شبیہ اور مسٹر مودی کوبدنام کرنے کی سازش کی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں سامنے آنے والے اس حلف نامے کے مطابق اس کام کے لیے رقم دی گئی، پہلی قسط کے طور پر 30 لاکھ روپے سونیا گاندھی نے تیستا سیتلواڑ کودیے۔ انہوں نے کہا کہ احمد پٹیل ہمارے درمیان نہیں ہیں، لیکن انہوں نے توصرف وہ ڈیلیوری کی تھی۔ یہ 30 لاکھ اس دور میں صرف پہلی قسط کے طور پر دیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد نہ جانے کتنے کروڑ روپے سونیا گاندھی جی نے مسٹر مودی کو نیچا دکھانے اوران کو بدنام کرنے کے لئے دئے اور صرف مسٹر راہل گاندھی کو بڑھانے کے لئے تیستاسیتلواڑ کا استعمال محترمہ سونیاگاندھی نے کیا۔انہوں نے کہا، ‘حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ تیستا سیتلواڑ راجیہ سبھا جانا چاہتی تھیں۔ ایس آئی ٹی نے حقیقت کو بے نقاب کردیا ہے۔ احمد پٹیل نے توصرف پیسہ دیا ہے، درحقیقت یہ رقم سونیا گاندھی کے گھر سے دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے مسٹر مودی کی شبیہ خراب کرنے کے لئے تیستا سیتلواڈ کو دئے گئے تھے۔ تیستا سیتلواڑ کانگریس کی بڑی سازش کا حصہ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقیقت میں سونیا گاندھی پوری سازش کی منصوبہ بندی میں ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھی تھیں۔ انہوں نے احمد پٹیل کی مدد سے گجرات اور مسٹر مودی کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی۔