بی جے پی کی مدد کرنے کے الزامات پر اویسی نے صفائی دی

کھنڈوا، جولائی۔آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے الیکشن لڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مدد کرنے کے الزام پر کہا ہے کہ وہ دوبارہ مدھیہ پردیش میں داخل نہیں ہوئے، یہاں بھی کانگریس ہار گئی ہے۔ مسٹر اویسی نے کل یہاں ایک انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلمانوں کو بی جے پی کا خوف دکھا کر ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن ان کے مفادات کا بالکل خیال نہیں رکھتی۔ انہوں نے کانگریس لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ پر بھی سخت حملہ کیا اور کہا کہ ‘خوف کے دن اب گئے۔ اب ہم تمہیں ڈرانے آئے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے صدر نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ بے روزگاری کا ذمہ دار کون؟ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، اس لیے بی جے پی کے لوگ توجہ ہٹانے کے لیے بے لگام بیانات دیتے ہیں۔ انہوں نے مقامی مسائل کو لے کر بی جے پی کو بھی گھیرا۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال سے ایم پی، ایم ایل اے اور میئر بی جے پی کے ہیں، ریاست اور مرکز میں حکومت بھی بی جے پی کی ہے، پھر بھی وہ کھنڈوا میں پینے کے پانی کا چھوٹا مسئلہ بھی حل نہیں کر سکے۔ یہاں کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے۔ مسٹر اویسی نے حال ہی میں کھرگون فسادات کے بعد مسلمانوں کے مکانات کی مسماری پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت بتائے کہ کن ضابطوں کے تحت مکانات گرائے گئے۔ اگر وہ غیر قانونی تعمیرات ہیں تو کیا ریاست میں 80 فیصد غیر قانونی تعمیرات کو بھی گرایا جائے گا؟

Related Articles