بالی وڈ ڈائری: رنبیر کپور کا کرن جوہر کے شو میں جانے سے انکار اور ملائکہ لکھیں گی فٹنس پر کتاب

ممبئی / لندن،جون۔فلسماز کرن جوہر نے جب سے اپنے ٹی وی شو ’کافی ود کرن سیزن 7‘ کا اعلان کیا ہے اس وقت سے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ نئے نویلے دولہا دلہن رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ اس پروگرام کے پہلے مہمان ہوں گے تاہم رواں ہفتے کرن نے اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ رنبیر کپور نے ان کے شو میں آنے سے انکار کر دیا ہے۔کرن نے لکھا کہ ’رنبیر نے کہا کہ میں آپ کے شو پر نہیں آ سکتا کیونکہ اس شو پر آنے کے لیے انھیں بڑی قیمت ادا کرنی پڑی تھی۔‘ رنبیر نے مزید کہا ’میں آپ سے بہت محبت کرتا ہوں اس لیے آپ کے گھر آؤں گا، وہاں کافی پیوں گا، آپ سے باتیں بھی کروں گا لیکن پلیز آپ کے شو پر نہیں آ سکتا۔‘رنبیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ شو میں آپ کی کارکردگی کیسی رہی، اسی کی بنیاد پر لوگ آپ کے بارے میں رائے قائم کر لیتے ہیں۔ انٹرٹینمینٹ سے متعلق ویب سائٹ اور یو ٹیوب چینل ’فلم کمپینیئن‘ سے بات کرتے ہوئے کرن کا کہنا تھا کہ ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر ٹیلی کاسٹ ہونے والے اس شو کا مقصد مشہور شخصیات کے ساتھ تفریحی انداز اور صاف گوئی کے ساتھ انٹرویو یا بات چیت کرنا تھا لیکن اس میں شامل ہونے والے لوگ بات کرنے میں محتاط ہونے لگے اور شو سے کچھ باتیں نکالنے یا ایڈٹنگ کا مطالبہ کرنے لگے۔انھوں نے مزید کہا کہ صورتحال جو بھی ہو، لگتا ہے اس شو کے ساتھ رنبیر کپور کی کچھ انتہائی اہم اور تلخ یادیں بھی وابستہ ہیں جن میں ان کی سابق گرل فرینڈ دپیکا پادوکون اور قریبی دوست سونم کپور کا وہ شو بھی شامل ہے جس میں دونوں نے رنبیر کپور کو کھلم کھلا طنز و مزاح کا نشانہ بنایا تھا، اس حد تک کہ رنبیر کے پاپا رشی کپور تک غصہ ہو گئے تھے۔ ادھر ایک اور کپور یعنی انیل کپور نانا بننے والے ہیں اور اس بارے میں اپنی بیٹی کو کچھ مشورے بھی دے رہے ہیں۔ان کی بیٹی اور اداکارہ سونم کپور جلد ہی ماں بننے والی ہیں۔ سونم نے حال ہی میں لندن میں بیبی شاور یعنی گود بھرائی کی پارٹی بھی دی تھی جس کی تصاویر سوشل میڈیا میں گردش کر رہی ہیں۔انیل کپور آج کل اپنی فلم ’جْگ جْگ جیو‘ کا پروموشن کر رہے ہیں اور اس دوران ان سے فلم کے بارے میں کم اور سونم کے بارے میں زیادہ سوال کیے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سونم ’اوور پروٹیکٹیو‘ یعنی ضرورت سے زیادہ فکر کرنے والی ماں نہ بنیں جیسا کہ آج کل کی مائیں ہوتی ہیں۔ فلم جْگ جْگ جیو میں انیل کپور کے ساتھ نیتو کپور، ورون دھون اور کائرہ اڈوانی بھی ہیں۔ ایکٹر، ڈانسر اور ریالٹی شو کی جج ملائکہ اروڑہ ٹی وی سے لے کر سوشل میڈیا تک ہر جگہ مشہور ہیں اور اب وہ اپنے کریئر کے ایک نئے دور میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ملائکہ نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ اب وہ مصنفہ بننے جا رہیں اور اچھی صحت کے فروغ کے لیے خوراک اور صحت پر ایک کتاب لکھیں گی۔48 سالہ ملائیکہ صحت اور فٹنس کے معاملے میں ہزاروں لوگوں کی انسپائریشن مانی جاتی ہیں اور اس حوالے سے کئی برانڈز کی رہنمائی بھی کرتی ہیں۔ ملائکہ ہر دن یوگا اور پلاٹے کرتی ہیں اور ان کا ایک یوگا سٹوڈیو بھی ہے۔اس کتاب میں یہ بتایا جائے گا کہ ملائکہ دن میں کیا کھاتی ہیں، کتنی ورزش کرتی ہیں، صحت مند رہنے کے لیے کیا، کب اور کتنا کھایا جائے اور یہ کہ کھانے میں غذایئت اور جسم یا صحت پر اس کے اثرات کیا ہوتے ہیں۔ بہرحال اس کتاب میں اور کیا کیا ہو گا یہ تو کتاب کے آنے کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ فٹنس اور صحت سے ملنے والے فوائد میں کیا ہیں۔ جب سے جنوبی انڈیا کی فلمیں پورے انڈیا میں زبردست کامیاب حاصل کرنے لگی ہیں بالی وڈ میں کچھ لوگ ساؤتھ بمقابلہ بالی وڈ پر بحث کر رہے ہیں تو کچھ لوگ ہندی اور علاقائی زبانوں پر اپنی قیمتی رائے دیتے نہیں تھکتے۔باہو بلی سے لے کر فلم ’آر آر آر‘، ’پْشپا‘، ’وکرم‘ اور ’کے جی ایف چیپٹر ٹو‘ جیسی فلموں نے پورے انڈیا میں نہ صرف کروڑوں کا کاروبار کیا بلکہ لوگوں کے دلوں کو بھی جیتا۔ ’آر آر آر‘ اور ’کے جی ایف‘ نے تو دنیا بھر میں مجموعی طور پر ایک ہزار کروڑ کا کاروبار کیا ہے۔ادھر بالی وڈ کی فلم ’جرسی‘، رن وے 34 اور سمراٹ پرتھوی راج جیسی فلمیں باکس آفس پر منھ کے بل گریں جبکہ ان میں سے کچھ فلموں کے لیے حکومت نے نہ صرف ٹیکس معاف کیا بلکہ بڑھ چڑھ کر ان کی پروموشن بھی کی۔اس بارے میں کرن جوہر کا کہنا ہے کہ بالی وڈ پی آر اور بھیڑ چال کا شکار ہے جبکہ جنوبی انڈیا میں فلسماز اپنے کام اور کہانی کے بارے میں پر اعتماد ہوتے ہیں۔’ان کے لیے کہانی بہت اہم ہوتی ہے اور وہ جمالیات پر زور دیتے ہیں، انھیں کسی کی رضامندی، اجازت یا قبولیت کی پرواہ نہیں ہوتی، وہ جو کرتے ہیں اس کے بارے میں مطمئن اور پْر اعتماد ہوتے ہیں اور ہمارے یہاں اس چیز کی کمی ہے۔‘

Related Articles