گوہاٹی میں سیلاب کی صورتحال تشویشناک

گوہاٹی، جون۔گوہاٹی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سیلاب کی صورتحال تشویشناک ہے اور بدھ کو تمام تعلیمی ادارے بند رہے۔ تاہم وقفے وقفے سے بارش سے کچھ راحت ملی ہے۔کامروپ (میٹرو) کے ڈپٹی کمشنر پلو گوپال جھا نے ایک نوٹیفکیشن میں کہاکہ محکمہ موسمیات کی طرف سے شہری علاقوں میں ممکنہ زبردست بارش کی وارننگ کے پیش نظر بدھ کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلے سے طے شدہ امتحانات منعقد کئے جا سکتے ہیں۔کامروپ-میٹرو ضلع انتظامیہ نے گوہاٹی اور اس کے آس پاس رہنے والے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور جب بالکل ضروری ہو باہر نکلیں۔ضلع انتظامیہ نے آسام کے کامروپ-میٹرو ضلع میں گوہاٹی اور ملحقہ علاقوں میں پانی بھرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔انتظامیہ نے کہاکہ اگر آپ کی رہائش گاہ پر پانی جمع ہونے یا لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے تو براہ کرم کسی محفوظ جگہ پر چلے جائیں۔پانی بھرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی مدد کے لیے 1077/8638112297 فون نمبر جاری کیا گیا۔آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ (اے ایس ڈی ایم اے) اتھارٹی نے گوہاٹی میں متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے 1070 اور 1079 نمبر جاری کیے ہیں۔منگل کی صبح شہر کے ہاتھی گاؤں، چاندماری، زو روڈ، بیلٹولا، رکمنی گاؤں سمیت کئی علاقوں میں پانی رہائشی علاقوں اور گھروں میں داخل ہو گیا۔دوسری جانب شدید بارشوں کے باعث مٹی کا تودہ گرنے سے چار مزدور ہلاک ہوگئے۔یہ حادثہ گوہاٹی کے مغربی بورگاؤں علاقے کے نجاراپارا میں منگل کی صبح تقریباً 1:30 بجے پیش آیا۔محکمہ موسمیات نے آسام اور میگھالیہ کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔بدھ کو آسام اور میگھالیہ کے علاقوں اور اروناچل پردیش کے کچھ حصوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔

Related Articles