ومبلڈن نے رینکنگ پوائنٹس کٹنے پر مایوسی کا اظہار کیا
لندن، مئی۔خواتین اور مردوں کی پیشہ ورانہ ٹینس فیڈریشنز (ڈبلیو ٹی اے، اے ٹی پی اور آئی ٹی ایف) کی جانب سے رینکنگ پوائنٹس میں کٹوتی کے بعد ومبلڈن نے "گہری مایوسی” کا اظہار کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ یوکرین بحران کی وجہ سے ومبلڈن نے روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں پر پابندی عائد کردی تھی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی اے، اے ٹی پی اور آئی ٹی ایف نے ومبلڈن کے رینکنگ پوائنٹس کاٹنے کا فیصلہ کیا۔ اس پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے آل انگلینڈ کلب نے کہا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر قائم ہے۔ آل انگلینڈ کلب اورومبلڈن کا انعقاد کرنے والی چیمپئن شپ مینجمنٹ کمیٹی نے ایک بیان جاری کیا جس میں تینوں فیڈریشنز کے فیصلوں کو "متضاد” قرار دیا گیا ہے۔کلب کے ذریعہ جمعہ کو دیررات جاری بیان میں کہاگیا، "ہم اے ٹی پی، ڈبلیو ٹی اے اور آئی ٹی ایف کے چیمپیئن شپ کے لیے رینکنگ پوائنٹس کاٹنے کے فیصلوں پر اپنی گہری مایوسی کا اظہار کرتے ہیں۔” ہماراماننا ہے کہ ان غیر معمولی حالات کی روشنی میں، یہ فیصلے متضاد ہیں اور ٹور میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔”بیان میں کہا گیا، ’’ہمیں ہمارے فیصلے سے متاثرہ کھلاڑیوں پر پڑنے والے اثرات پر افسوس ہے۔ اس کے باوجود، روس کے عالمی اثر و رسوخ کو کم کرنے کے حکومت برطانیہ کے فیصلے اور حکومت، صنعت، کھیل اور تخلیقی اداروں کے وسیع ردعمل کو دیکھتے ہوئے، ہمارا خیال ہے کہ ومبلڈن کے عالمی شہرت یافتہ کھیلوں کا منتظم اور برطانوی ادارہ ہونے کے سبب واحد قابل عمل فیصلہ کیا ہے اور ہم نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر قائم ہیں۔”اس سے قبل، اے ٹی پی نے اعلان کیا تھا، ’’انتہائی افسوس اور نہ چاہتے ہوئے بھی کہنا پڑرہا ہے کہ ہمارے پاس 2022 کے لیے ومبلڈن کے اے ٹی پی رینکنگ پوائنٹس کو کم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔‘‘ اے ٹی پی نے دعویٰ کیا کہ 30 سے زائد ممالک میں آپریٹ ہونے والے دورے پر انفرادی ٹورنامنٹ کے ذریعہ ’’یکطرفہ فیصلے‘‘ اور ’’امتیازی سلوک‘‘ قابل عمل نہیں تھے۔ڈبلیو ٹی اے کے صدر اور سی ای او اسٹیو سائمن نے کہا کہ انفرادی کھیل میں حصہ لینے والے انفرادی کھلاڑیوں کو صرف ان کی قومیت یا ان کے ممالک کی حکومتوں کے ذریعہ کئے گئے فیصلوں کی وجہ سے مقابلہ کرنے سے نہیں روکا جانا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ آل انگلینڈ کلب کے فیصلے ’’اس بنیادی اصول کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ "دنیا کا سب سے قدیم اورگھاس پر کھیلا جانے والا واحد گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن 27 جون سے شروع ہو رہا ہے۔