نتن گڈکری نے بہار میں تین لین کوئلوار پل کا افتتاح کیا

پٹنہ، مئی۔ سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ہفتہ کو بہار میں سون ندی پر کوئلوار پل کے نیچے تین لین کا افتتاح کیا اور کہا کہ ریاست کے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے مرکز کی مدد سے سڑکوں اور پلوں کا ایک وسیع جال بچھایا جا رہا ہے۔ نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پل کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر گڈکری نے کہا کہ مرکزی حکومت بہتر کنیکٹیویٹی کے مقصد سے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے بہار کو ہر طرح کی مدد دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی حکومت کے دوران بہار میں بڑی ندیوں پر پہلے سے زیادہ پل بنائے گئے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت سڑکوں کے رابطوں کو بڑھانے کے لیے اگلے چند سالوں میں بھاری سرمایہ کاری کرے گی جس سے سڑکوں کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اگلے تین سالوں میں سڑکوں کے معیار کا موازنہ امریکہ کی سڑکوں سے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہار میں ریاستی شاہراہ (ایس ایچ) پر 15 نئے آر او بی بنائے جائیں گے تاکہ رابطے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ 17 نئے آر او بی کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

 

Related Articles