پٹیالہ کے واقعہ کی جانچ کا حکم

چنڈی گڑھ، اپریل ۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے آج شام پٹیالہ میں تشدد کے واقعہ کی جانچ کا حکم دیا ہے۔آج شام امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کریں اور اس واقعہ کے ذمہ داروں کو بخشا نہ جائے۔مسٹر بھگونت مان نے کہا کہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو موجودہ صورتحال پر نظر رکھنی چاہئے اور انہیں مسلسل اپ ڈیٹ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پابند عہد ہے اور کسی کو بھی ریاست کے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ پنجاب ملک کی سب سے پرامن ریاست ہے۔مسٹر بھگونت مان نے واضح طور پر کہا کہ ریاست میں امن و امان کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور اگر کوئی اس کومتاثر کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ ویسے پنجاب سرحدی ریاست ہونے کی وجہ سے حساس ہے اور ناپاک عزائم رکھنے والی قوتوں کو اپنے ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔چیف سکریٹری انیرودھ تیواری، چیف منسٹر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اے وینو پرساد، ڈی جی پی وی کے بھورا میٹنگ میں موجود تھے۔

Related Articles