کسانوں کی آمدنی دو سے دس گنا بڑھی: تومر

نئی دہلی، اپریل ۔زراعت کے وزیر نریندر سنگھ تومر نے کسانوں کی آمدنی میں دو سے دس گنا تک اضافہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے آج کہا کہ ایسے ترقی پسند کسانوں کو گاؤں گاؤں جانا چاہیے اور کھیتی باڑی کرنے والے لوگوں میں بیداری پیدا کرنی چاہیے۔ مسٹر تومر نے "فارمر پارٹنرشپ ترجیح ہماری” پروگرام کے تحت فصل بیمہ اسکول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی اور حکومت کی زراعت سے متعلق اسکیموں سے وابستہ کسان خوشحال ہوئے ہیں اور ان کے کنبوں نے ترقی کی ہے۔ ایسے کسانوں کی آمدنی پچھلے پانچ چھ سالوں میں دس گنا بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کسان گاؤں گاؤں جا کر ’’زرعی سفیر‘‘ بنیں تو زراعت کی معیشت مضبوط ہوگی۔ وزیر زراعت نے کہا کہ آج کسانوں کو ان کی مصنوعات کی مارکیٹ میں کم از کم امدادی قیمت سے بہتر قیمت مل رہی ہے۔ گندم اور سرسوں کی بہتر قیمت مل رہی ہے اور سرسوں کے تیل میں ملاوٹ بند ہو گئی ہے جس سے کاشتکار کافی خوش ہیں۔ حکومت ایسے دیگر اقدامات بھی کرے گی جو کسانوں کے مفاد میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں زرعی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے، جس میں سے آٹھ ہزار کروڑ روپے کے منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے۔ اس سے ذخیرہ اندوزی اور دیگر سہولیات کی ترقی کی جائے گی۔ اس معاملے میں بینکوں کا تعاون قابل ستائش رہا ہے۔ مشن موڈ میں قدرتی کاشتکاری کے نفاذ پر زور دیتے ہوئے مسٹر تومر نے کہا کہ اس سے زراعت کی لاگت میں کمی آئے گی اور کسانوں کو ان کی مصنوعات کی اچھی قیمت ملے گی۔ اس وقت 38 لاکھ ہیکٹر اراضی پر آرگینک فارمنگ کی جارہی ہے جس سے کسانوں کو اچھا فائدہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فطرت کے ساتھ ہم آہنگی بگڑنے سے بہت سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ہم کیمیائی کھادوں کے لیے دوسرے ممالک پر انحصار کرتے ہیں اور اگر وہ یہ کھادیں دینے سے انکار کر دیں تو مسئلہ پیدا ہو گا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ ایک زمانے میں ملک میں غذائی اجناس کی قلت تھی جس کے لیے سبز انقلاب کا آغاز کیا گیا اور اس کے لیے کیمیائی کھاد کا استعمال کیا گیا۔ سبز انقلاب کو کامیاب بنانے میں پنجاب، ہریانہ اور مغربی اتر پردیش نے بہت زیادہ تعاون کیا تھا۔ اب ملک ضرورت سے زیادہ غذائی اجناس پیدا کرتا ہے اور باغبانی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہو رہی ہے۔ ملک سے چار لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی زرعی مصنوعات برآمد کی گئی ہیں، جس کے لیے کسان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مسٹر تومر نے کہا کہ کسانوں کو ساہوکاروں سے راحت فراہم کرنے کے لیے گزشتہ سات سالوں سے ملک میں کسان کریڈٹ کارڈ مہم چلائی جا رہی ہے اور اس سے مویشی پروری کو بھی جوڑا گیا ہے۔ اس کے تحت کسانوں کو 15 لاکھ کروڑ روپے کا قرض دیا گیا ہے۔ اس قرض پر کسان چار فیصد کی شرح سے سود ادا کرتے ہیں۔ کرشی بیمہ یوجنا سے کسانوں کو ہونے والے فوائد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں نے 21000 کروڑ روپے انشورنس پریمیم کے طور پر جمع کرائے ہیں اور ان کے 115,000 کروڑ روپے کے کلیم ادا کر دیے گئے ہیں۔ اسی طرح کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت ساڑھے گیارہ کروڑ کسانوں کو رجسٹر کیا گیا ہے اور ان کے کھاتوں میں 182000 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔

Related Articles