وزیر اعلی کے نام سے لفظ یوگی ہٹانے کی عرضی خارج

پریاگ راج:اپریل۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے نام سے یوگی لفظ ہٹائے جانے کے مطالبہ والی عرضی کو الہ آباد ہائی کورٹ نے خارج کردیا۔دہلی کی رہنے والی نماہا نامی شخص کی طرف سے دائر کی گئی اس مفاد عامہ کی عرضی میں ہائی کورٹ سے یوگی سے ان کا اصلی نام عام کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس راجیش بندل اور جسٹس پیوش اگروال نے پیر کو درخواست کو خارج کر دیا کیونکہ عرضی میں پیش کردہ دستاویزات اور عرضی گزار کے دلائل میں کوئی ہم آہنگی نہیں تھی۔عرضی میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ یوگی ایک بار پھر اپنے اصلی نام سے اپنے عہدے اور رازداری کا حلف لیں، ساتھ ہی انہیں حکم دیا جائے کہ وہ اپنے نام سے لفظ یوگی ہٹا دیں اور مستقبل میں اس کا استعمال نہ کریں۔ عرضی گزار نے دلیل دی کہ یوگی خود کو مختلف مقامات اور مواقع پر مختلف طریقوں سے استعمال کر رہے ہیں ۔عدالت نے کہا کہ مدعا علیہ نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں درست نام ظاہر کیا ہے۔ اس لیے مدعا علیہ کو ایسی کوئی ہدایت دینے کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے حکم دیا کہ یہ رقم پریاگ راج کی سماجی تنظیم معذور کیندر، بھردواج آشرم کو چھ ہفتوں کے اندر ادا کی جائے۔

 

Related Articles