یوپی:منڈیوں میں آرگینک اناج کی ہوگی برانڈنگ:یوگی

لکھنؤ:اپریل۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ قدرتی کھیتی کے تحت آرگنک طرز سے کیمیکل سے پاک جو اناج پیدا ہورہا ہے اس کے لئے سبھی 18ڈویژنوں میں پہلے مرحلے میں ٹیسٹنگ لیب قائم کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی فطری کھیتی کررہے کسانوں کو پیداوار کی مناسب قیمت مل سکے اس کے لئے ہر منڈری میں الگ سے انتظام کیا جارہا ہے۔وزیر اعلیٰ یوگی نے پیر کو نئی دہلی میں نیتی آیوگ کے ذریعہ منعقدہ ایک ورچوئل پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ نیتی آیوگ نے ​​گائے پر مبنی قدرتی کاشتکاری اور اختراعی زراعت پر ایک روزہ قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا تھا۔اس دوران نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر راجیو کمار نے قدرتی کھیتی کے لیے ریاستی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔ ورکشاپ میں یوگی نے مرکزی بجٹ میں قدرتی کھیتی کو جگہ دینے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اتر پردیش میں ایک بڑے علاقے میں قدرتی کھیتی کی جا رہی ہے۔ اس کے بہت اچھے اور معجزاتی نتائج برآمد ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر نمامی گنگا اور پرمپرگت کرشی وکاس یوجنا کے تحت ریاست میں پہلے مرحلے میں گزشتہ تین سالوں میں نامیاتی کھیتی کو فروغ دیا گیا تھا اور 2020 سے قدرتی کھیتی کو اپنا کر اس میدان میں کئی اختراعی تجربات کیے گئے ہیں۔ نمامی گنگا اسکیم کے تحت ریاست کے 27 اضلاع میں ایک بڑی مہم کو آگے بڑھایا گیا ہے تاکہ گنگا کے کنارے کے 10 کلومیٹر کے اندر باغبانی اور زرعی جنگلات سمیت دو لاکھ سے زیادہ کسانوں کو قدرتی کھیتی سے جوڑا جا سکے۔یوگی نے کہا کہ قدرتی کھیتی میں شامل ہو کر کسان زمین کو زہر سے پاک کرنے کی گواہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام 825 ترقیاتی بلاکوں میں 1.65 لاکھ کسان قدرتی کھیتی میں شامل ہوئے ہیں۔ حکومت ریاست میں ایسے کئی پروگرام چلا رہی ہے، جس کے ذریعے ترقی پسند کسانوں نے قدرتی کھیتی کے ذریعے اپنی لاگت کو کم کرکے اپنی آمدنی میں کئی گنا اضافہ کیا ہے۔ پروگرام میں مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر، اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی، آندھرا پردیش کے وزیر اعلی جگن موہن ریڈی، نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر راجیو ن کمار اور اتر پردیش کے وزیر زراعت سوریہ پرتاپ شاہی بھی موجود تھے۔

Related Articles